گندم کی سرکاری خرید کی قیمت کا ہفتے عشرے میں اعلان ناگزیر، فلور ملز ایسوسی ایشن

25 جنوری ، 2023

اسلام آباد (تجزیاتی رپورٹ:حنیف خالد) وفاقی حکومت صوبوں کو اعتماد میں لیکر گندم کی آنے والی فصل کی سرکاری قیمت خرید کا فوری اعلان کرے، وزیراعظم شہباز شریف سندھ کی پیپلز پارٹی حکومت پنجاب کی نگران حکومت صوبہ کے پی کے نگران وزیراعلیٰ کو اکٹھے بٹھا کر مارچ اپریل میں سرکاری گندم کی خریداری کے نئے ریٹ متفقہ طور پر منظور کرائیں تاکہ ملک بھر کے گندم کے کاشتکاروں کو اس بات کا علم ہو جائے کہ گزشتہ سال 2022 کو ان سے جو گندم سرکاری طور پر پاسکو اور صوبائی حکومتوں نے 2200 روپے فی من خریدی تھی مارچ اپریل 2023 میں ان کی فصل کی سرکاری قیمت خرید کتنی ملے گی۔ کاشتکاروں کو اگر ان کی کاشت کی گئی گندم اس میں استعمال ہونے والی کھاد کیڑے مار ادویات اور ٹیوب ویلوں کے اخراجات مناسب ملیں گے تو کسان اپنی فصل بڑھانے کیلئے زیادہ سے زیادہ کھاد جراثیم کشن ادویات اور دوسرے خرچے کرے گا۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب کے چیئرمین چوہدری افتخار احمد مٹو نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ نے صوبائی کابینہ سے نئی فصل کی گندم کی سپورٹ پرائس 4000 روپے من منظور کرا رکھی ہے جبکہ مارچ اپریل 2022 میں پنجاب حکومت نے 42 لاکھ ٹن گندم 2200 روپے فی من کی امدادی قیمت پر خریدی تھی۔ وزیراعوم شہباز شریف کو عوام کی مشکلات کا ادراک ہے اور وہی وزیراعظم ہیں جو نئی فصل کی گندم کی قیمت میں معقول جائز اضافہ صوبوں کی مشاورت سے یہ فیصلہ اتفاق رائے لیکر کریں گے۔کہ 2200 روپے من والی گندم آئندہ مارچ اپریل میں کتنے سو روپے اضافے کے ساتھ خریدی جائے تاکہ کسان کو اس کی فصل کے اخراجات کا معقول معاوضہ ملے اور اسے مناسب منافع بھی حاصل ہوجائے۔ وزیراعظم شہباز شریف انشاء اللہ ضرور گندم کی نئی قیمت خرید مقرر کرکے غریب عوام پر مہنگائی کا غیرضروری بوجھ نہیں ڈالنے دیں گے اور گندم کی سرکاری قیمت عوام اور کسان کے بہترین مفاد میں اتفاق رائے سے ہفتے عشرے میں مقرر کردیں گے۔