قرآن پاک بے حرمتی دنیا کا امن خراب کرنیکی سازش ہے، طاہر اشرفی

25 جنوری ، 2023

اسلام آباد( نیوز رپورٹر) وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ امور حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی آزادی اظہار رائے نہیں بلکہ یہ دنیا کے امن کو خراب کرنے اور عالمی امن کو تباہ کرنے کے مترادف ہے، سویڈن کی حکومت کو اس واقعہ کے مرتکب مجرم کے خلاف کارروائی کر کے قرار واقعی سزا دینی چاہیے، قومی سلامتی کے ادارے، فوج، پولیس کے افسران و جوان اور دیگر اداروں پر حملے کسی بھی طرح شرعاً جائز نہیں، نہ پاکستان کے اندر کسی بھی طرح کی پرتشدد اور مسلح کارروائی کو جہاد کہا جا سکتا ہے، آئندہ جمعہ کو پورے ملک میں گزشتہ روز جاری ہونے والے اعلامیہ کی تائید و حمایت کی جائے گی، سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے واقعہ کی مذمت میں قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو اسلام آ باد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ حافظ محمد طاہر اشرفی نے کہا سویڈن کی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس مجرم کے خلاف کارروائی کرے اور اس کو قرار واقعی سزا دی جائے، اس وقت تک پوری دنیا میں جس انداز سے اس واقعہ پر ردعمل آیا ہے وہ لائق تحسین ہے، یہ آزادی اظہار کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ ہمارے ایمان کا مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا ہمارے معاشی اور اقتصادی حالت اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ پاکستان میں امن اور استحکام ہو۔