پنجاب و KP میں انتخابات،الیکشن کمیشن تیار،اپریل کی تاریخوں پر غور

25 جنوری ، 2023

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی،نیوزایجنسیز ) الیکشن کمیشن نے گورنرپنجاب اور خیبرپختونخوا سے رابطہ کرکے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخیں تجویزکردیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابات کیلئے9 سے 12 اپریل تک موزوں تاریخیں ہیں اور الیکشن کمیشن ان تاریخوں میں دونوں صوبوں میں انتخابات کیلئے تیار ہے، الیکشن کمیشن میں ہونیوالے اہم اجلاس میں حکام نے بتایاکہ پولنگ سٹیشنز اور ووٹرز لسٹیں تیارکرلی ہیں ، اجلاس میں چیف الیکشن کمشنرکی جانب سے انتخابی تیاریاں تیزکرنے کی ہدایت کی گئی،چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں ممبران، صوبائی الیکشن کمشنرز اورتمام ونگزکے حکام شریک ہوئے، اجلاس میں پنجاب، کے پی اورضمنی انتخابات سے متعلق تیاریوں پر غور کرتے ہوئے کہا گیا کہ پریزائڈنگ افسران اور دیگر پولنگ عملے کی تقرری کا عمل جلد مکمل کیا جائے،ادھرذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان کی107 خالی نشستوں پر 16 مارچ تک ضمنی الیکشن کرائے جائینگے ، چیف جسٹس کی منظوری کے بعد پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر عدلیہ سے ہونگے ، الیکشن کمیشن نے پنجاب کی 297 اورکےپی کی 115جنرل نشستوں پرانتخابات کرانے ہیں جس پر اخراجات کا تخمینہ 30ارب کے قریب ہو گا،الیکشن کمیشن کو3 ماہ میں دوہری تیاریاں مکمل کر نے کا بڑا چیلنج در پیش ہے ،معاشی دبائو میں انتخابی اخراجات بھی بڑھ گئے ، الیکشن کمیشن نے اکتوبر کے عام انتخابات کی تیاریوں کیلئے حکومت سے 45 ارب روپے مانگے تھے جس میں سے الیکشن کمیشن کو 18ارب روپے مل گئے ان الیکشن کیلئے حکومت سے 10سے 12 ارب روپے اضافی فنڈ حاصل کئے جائینگے ، خیبر پختونخوا اور پنجاب اسمبلیوں کی کٹ آف ڈیٹ 10 سے 13 اپریل ہے اس تاریخ تک پولنگ کرانا ہو گی جبکہ قومی اسمبلی کی 107نشستوں پر الیکشن کرانے کی حتمی تاریخ 18 مارچ ہو گی الیکشن کمیشن کو آئندہ ہفتے تک تینوں انتخابی شیڈول جاری کرنا ہونگے انتخابی حلقوں کیلئے بیورو کریسی سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسروں اور ریٹرننگ افسروں کی تعیناتی کیلئے الیکشن کمیشن نے فہرستیں مکمل کر لیں تاہم ذرائع نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے گزشتہ ہفتے چیف جسٹس سے ملاقات کی تھی اور عدالتی افسروں کو ڈی آر اوز بنانے کی درخواست کی تھی چیف جسٹس نے الیکشن کمشنر کی درخواست منظور کرلی دونو ں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر عدلیہ سے ہونگے ، پنجاب کے 40 اورخیبر پختونخوا کے 36 اضلاع میں ڈسٹرکٹ سیشن جج ڈی آر او کے فرائض ادا کرینگے جبکہ پنجاب میں 297اور کے پی میں 115 ریٹرننگ افسران ، پنجاب میں 594 اے آر اوز اور کے پی میں 230اے آر اوز تعینات کئے جائینگے ۔پنجاب اورخیبرپختونخوا میں انتخابات کی حتمی تاریخ کا فیصلہ گورنر کرینگے اوراس کے بعد الیکشن کمیشن انتخابات کاشیڈول جاری کریگا۔