خدشہ ہے بجلی بریک ڈائون کی وجہ انٹرنیٹ کے ذریعے بیرونی مداخلت ہے، وزیر توانائی، کابینہ کا ایسے واقعات روکنے کیلئے جامع حکمت عملی بنانے کا حکم

25 جنوری ، 2023

اسلام آباد(نیوزرپورٹر،ایجنسیاں)وفاقی کابینہ نے بجلی کے تعطل جیسے واقعات کے تدارک کیلئے جامع حکمت عملی کی تیاری کا حکم دیتے ہوئے توانائی کی بچت کی عادتیں اپنانے کیلئے اپنی نوعیت کی پہلی ملک گیر عوامی آگہی مہم کی منظوری دی ہے،وزیراعظم نےبجلی کے تعطل پربرہمی کااظہارکرتےہوئے کہاکہ آئندہ ایساواقعہ برداشت نہیں کروں گا ،ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے،جبکہ وزیر توانائی خرم دستگیرنے کہا کہ خدشہ ہے کہ بیرونی انٹر نیٹ کے ذریعے بیرونی مداخلت ہوئی ہے ، کیونکہ گزشتہ کچھ دنوں میں کچھ واقعات سامنے آئے ہیں جن کی وجہ سے شبہ ہے کہ انٹر نیٹ کے ذریعے مداخلت کی گئی ہے جس کی انکوائری کی جا رہی ہے‘ ملک میں بجلی کے تعطل کے بعد تمام گرڈ اسٹیشن بحال کردیئے ہیں، بجلی کا ترسیلی نظام مکمل طور پر محفوظ ہے،صارفین پربوجھ کم کرنے کیلئے مہنگے پلانٹس نہیں چلاتے،تربیلا اورمنگلا کے درمیان مسئلہ درپیش ہونے سے تعطل آیا،بجلی کارخانے چلانے کیلئے وافر ایندھن موجود تھا اور ہے،کراچی اورچشمہ کے جوہری پلانٹس چلانے کیلئے کام جاری ہے۔ وفاقی کابینہ اورپریس بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ بجلی بجلی بحالی کا آغاز گزشتہ روز سے مرحلہ وار کردیاگیا تھا تاہم رات کو جو علاقے رہ گئے تھے وہاں بھی مکمل طور پر بجلی بحال کردی گئی ہے۔ کراچی اورچشمہ کے جوہری پلانٹس چلانے کیلئے کام جاری ہے جن کو چلانے کیلئے 48 گھنٹے کا وقت درکار ہے،اگلے 48 گھنٹوں میں ملک میں بجلی کی کمی رہے گی،کل تک مکمل طور پربجلی بحال ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس بات کی بھی تحقیقات ہوگی کیا اس میں کوئی بیرونی مداخلت تو نہیں ہوئی البتہ انٹرنیٹ سے بیرونی مداخلت کے امکانات کم ہیں، پچھلے دنوں میں اس طرح کے جو واقعات ہوئے وہ ٹیکنیکل ایشو تھے۔ گزشتہ روز کے واقعہ سے سبق سیکھا ہے، اس حوالے سے وزیراعظم کو براہ راست رپورٹ پیش کرونگا تاکہ آئندہ اس قسم کا کوئی واقعہ رونما نہ ہو۔ ادھر وفاقی کابینہ نے بجلی کے تعطل جیسے واقعات کے تدارک کیلئے جامع حکمت عملی کی تیاری کا حکم دیتے ہوئے توانائی کی بچت کی عادتیں اپنانے کیلئے اپنی نوعیت کی پہلی ملک گیر عوامی آگہی مہم کی منظوری دی ہے جس کے تحت توانائی کی بچت کی عادتوں کوعام اور عالمی سطح پر رائج طریقوں کو تعلیمی نصاب میں شامل کیاجائے گا، توانائی کی بچت کے قومی رویے میں تبدیلی سے نہ صرف اربوں روپے کا غیرملکی زرمبادلہ بچے گا بلکہ انفرادی سطح پر عوام کے بل میں 30 سے 40 فیصد کی نمایاں کمی بھی ہوگی، اجلاس کو بتایا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی درآمد میں مسلسل اضافے کی وجہ سے امپورٹ بل بڑھ رہا ہے ۔ 2017میں پٹرولیم مصنوعات کا درآمدی بل 18 فیصد تھا جو 2022 میں بڑھ کر 29فیصد پر جا پہنچا ہے۔ پاکستان کو معاشی دباؤ سے نکالنے اور قیمتی غیرملکی زرمبادلہ بچانے کیلئے توانائی کی بچت نہایت اہم ہے۔ پاکستان کو معاشی طورپر دباؤ سے نکالنے کا ایک حل رویوں میں تبدیلی ہے،وزیراعظم نے بجلی کے تعطل پر شدید برہمی، عوام اور کاروباری برادری کی پریشانی کا باعث بننے والوں کا تعین کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزارت اطلاعات و نشریات کی بریفنگ کو سراہا اور ملک گیر مہم کو جلد ازجلد چلانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے گزشتہ روز (23 جنوری 2023) کو ملک میں بجلی کے تعطل پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام اور کاروباری برادری کو جس تکلیف اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے، وہ ناقابل قبول ہے۔ مستقبل میں ایسے کسی واقعے کو برداشت نہیں کروں گا۔ کابینہ کو بتایاگیا کہ بجلی کے تعطل پروزیراعظم کی تشکیل کردہ اعلی سطح کی کمیٹی نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ کمیٹی تمام حقائق کا جائزہ لے کر جامع رپورٹ پیش کرے گی۔