جسٹس طارق مسعود کی سائفر تحقیقات کیلئے دائر اپیلیں سننے سے معذرت

25 جنوری ، 2023

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)عدالت عظمیٰ کے جج جسٹس سردار طارق مسعود نے سائفرکی حقیقت جاننے کے لئے تحقیقاتی کمیشن کی تشکیل سے متعلق دائر کی گئی آئینی درخواستوں کی ان چیمبر سماعت سے معذرت کرتے ہوئے کیس کسی دوسرے جج کے پاس بھجوانے کے لئے چیف جسٹس کوانتظامی حکم کے لئے واپس بھجوادیا ہے ، جسٹس سردار طارق مسعود نے منگل کے روز درخواستوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف دائر چیمبر اپیلوں کی اپنے چیمبر میں سماعت کی تو درخواست گزار ذوالفقار بھٹہ ایڈوکیٹ اور سید طارق بدر پیش ہوئے ،ذرائع کے مطابق ذوالفقار بھٹہ نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ سائفر کے حوالے سے سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بین الاقوامی سازش کے تحت انکی حکومت گرانے کے بیانیہ سے پورے ملک میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ، یہ معاملہ آئین کے آرٹیکل 184(3) کے زمرہ میں آتا ہے،انہوں نے فاضل جج سے درخواستوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے انہیں سماعت کیلئے کھلی عدالت میں مقرر کرنے کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی تاہم فاضل جج نے درخواستوں کی ان چیمبر سماعت سے معذرت کرتے ہوئے کیس کی فائل انتظامی حکم کے اجراء کے لئے دوبارہ چیف جسٹس کو بھجوا دی۔