مزید 43 ارکان کے استعفے منظور، قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی ختم، الیکشن کمیشن سے ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہوسکا

25 جنوری ، 2023

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ سیل) اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان تحریک انصاف کے مزید 43 ارکان کے استعفے منظور کرلیے۔ اس طرح اب تک 123 ارکان کے استعفے منظور ہوچکے ہیں۔نئے استعفوں کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی ختم ہوگئی۔ تاہم اب تک الیکشن کمیشن سے ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہوسکا۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ استعفے اسپیکر قومی اسمبلی نے چند دن قبل منظوری کیلئے الیکشن کمیشن کو بھجوائے تھے، اسپیکر نے 43 ارکان کے استعفے منظوری کی سمری الیکشن کمیشن کو بھجوادی ہے جو الیکشن کمیشن کو موصول بھی ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے سردار طالب نکئی اور نواز الٰہی کے استعفے منظور نہیں ہوئے ان 2ارکان نے چھٹی کی درخواست دے رکھی تھی اور اسمبلی میں پڑھی جا چکی ہے۔ قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے اب صرف منحرف ارکان ہی باقی بچے ہیں پی ٹی آئی کے 20 منحرف ارکان ایوان کا حصہ ہیں۔ دوسری جانب قومی اسمبلی کے ذرائع نے بتایا ہےکہ اسپیکر نے 22 جنوری کو باقی 43 اراکین کے استعفے منظور کرکے الیکشن کمیشن کو بھجوادیئے تھے اس لیے 23جنوری کو ای میل اور واٹس ایپ درخواستیں خلاف ضابطہ تھیں، استعفے 22 جنوری کو منظور کیے گئے تھے اس لیے 23 جنوری کو واپسی کی درخواستیں غیر مؤثر تھیں۔ ذرائع کے مطابق 22 جنوری کو اسد قیصر اور فواد چوہدری نے میڈیا ٹاک میں باقی اراکین کے استعفے منظور نہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔