خدشہ ہے بجلی بریک ڈاؤن کی وجہ انٹرنیٹ کے ذریعے بیرونی مداخلت ہے، وزیر توانائی، کابینہ کا ایسے واقعات روکنے کیلئے جامع حکمت عملی بنانے کا حکم

25 جنوری ، 2023

اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی کابینہ نے بجلی کے تعطل جیسے واقعات کے تدارک کے لئے جامع حکمت عملی کی تیاری کا حکم دیتے ہوئے توانائی کی بچت کی عادتیں اپنانے کے لئے اپنی نوعیت کی پہلی ملک گیر عوامی آگہی مہم کی منظوری دی ہے‘وزیراعظم نے کہاکہ آئندہ ایساواقعہ برداشت نہیں کروں گا جبکہ وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیرنے کہا ہے کہ خدشہ ہے کہ بیرونی انٹر نیٹ کے ذریعے بیرونی مداخلت ہوئی ہے ، کیونکہ گزشتہ کچھ دنوں میں کچھ واقعات سامنے آئے ہیں جن کی وجہ سے شبہ ہے کہ انٹر نیٹ کے ذریعے مداخلت کی گئی ہے جس کی انکوائری کی جا رہی ہے‘ ملک میں بجلی کے تعطل کے بعد تمام گرڈ اسٹیشن بحال کردیئے ہیں، بجلی کا ترسیلی نظام مکمل طور پر محفوظ ہے‘صارفین پربوجھ کم کرنے کیلئے مہنگے پلانٹس نہیں چلاتے‘تربیلا اورمنگلا کے درمیان مسئلہ درپیش ہونے سے تعطل آیا،بجلی کارخانے چلانے کیلئے وافر ایندھن موجود تھا اور ہے،کراچی اورچشمہ کے جوہری پلانٹس چلانے کیلئے کام جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بجلی بجلی بحالی کا آغاز گزشتہ روز سے مرحلہ وار کردیاگیا تھا تاہم رات کو جو علاقے رہ گئے تھے وہاں بھی مکمل طور پر بجلی بحال کردی گئی ہے۔انجینئر خرم دستگیر نے کہا کہ کراچی اورچشمہ کے جوہری پلانٹس چلانے کیلئے کام جاری ہے جن کو چلانے کیلئے 48 گھنٹے کا وقت درکار ہے،اگلے 48 گھنٹوں میں ملک میں بجلی کی کمی رہے گی‘کل تک مکمل طور پربجلی بحال ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس بات کی بھی تحقیقات ہوگی کیا اس میں کوئی بیرونی مداخلت تو نہیں ہوئی البتہ انٹرنیٹ سے بیرونی مداخلت کے امکانات کم ہیں، پچھلے دنوں میں اس طرح کے جو واقعات ہوئے وہ ٹیکنیکل ایشو تھے۔