اسکول فرنیچر کی خریداری کا کروڑوں کا ٹینڈر لفافہ کھولنے پر منسوخ

25 جنوری ، 2023

کراچی(سید محمد عسکری) ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کراچی پرائمری کے تحت کروڑوں روپے کے فرنیچر کی خریداری کا ٹینڈر ایک ٹھیکیدار کا لفافہ کھولنے جانے کے باعث منسوخ کردیا گیا ہے۔ تاہم تحقیقات کئے بغیر سارے معاملے کو خاموشی سے دبا دیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مورخہ 20 جنوری کو سہ پیر 3 بجے ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن پرائمری کراچی کے دفتر واقع کریم آباد میں فائننشل ٹینڈر کھولنےکے لئے تمام ٹھیکیداروں کو بلایاگیا تاہم ٹینڈر کھولنے سے قبل ٹھیکیداروں کو دو کاغذ مہیاکئے گئے جن میں ایک میں حاضری کیلئے دستخط کرنا تھے اور دوسرے میں یہ لکھا تھا کہ ہم نے اس ٹینڈر کھولنے وقت شریک تھے اور ہم اس ٹینڈر کی تمام کارروائی سے مطمئن ہیں۔ لیکن ایک ٹھیکیدار کے نمائندے نے ٹینڈر کھولنے سے پہلے یہ حلف دینے سے انکار کردیا جس کے بعد ٹینڈر کھولنے کی کارروائی شروع ہوگئی۔ کمیٹی نے نمائندہ کو اطلاع دی کہ ہم نے ایک ٹھیکیدار اثاثہ کو نااہل کردیا ہے اور باقی کو اہل کیا ہے اور اب ہم اُن کے فائننشل کھولنے جارہے ہیں جس میں سب سے پہلے ایک ٹھیکیدار کا فائننشل لفافہ کھولنے کیلئے اُٹھایا گیا اس دوران اس کے نمائندے نے کمیٹی کو درخواست کی کہ وہ اس لفافے کی سیل کو چیک کرنا چاہتاہے جس پر کمیٹی نے بغیر کسی عذر کے لفافہ نمائند ے کے حوالے کردیا۔ نمائندے نے لفافے معائنے کے بعد کمیٹی کو مطلع کیاکہ ہمارا لفافہ کھولا گیا ہے اور اس میں ٹھیکیداروں کے ساتھ ملی بھگت کرکے ہمیں ٹینڈر سے آؤٹ کرنے کی ایک سازش نظر آرہی ہے۔ اس دوران نمائندے نے اپنی کمپنی کے اعلیٰ عہدیداروں کو فوری طور پر اطلاع کی جس میں کمپنی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کریم آباد پہنچ کر ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن پرائمری لبنیٰ صلاح الدین سے درخواست کی کہ یہ معاملہ ایک سنگین جرم ہے اور ایک غیر معمولی واردات ہے جس کو کسی صورت میں بھی ہم نظرانداز نہیں کرسکتے اور آپ فوری طور پر تمام لفافوں کو دوبارہ بکس میں سیل کریں اور ایک انکوائری کمیٹی بناکر فوری طور پر اس کی تحقیق کریں کہ کون اس میں ملوث ہے، اس واقع کو اجلاس کے منٹس میں شامل کیاجائے اور اس کی کاپی فراہم کی جائے۔ اس دوران ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن پرائمری نے کہا کہ ہم ابھی فیصلہ کرتے ہیں آپ لوگ انتظار کریں اس دوران ڈائریکٹر پرائمری اسکول ایجوکیشن اپنے کمرے سے چلی گئیں اور بعد میں پتہ چلا کہ وہ ٹینڈرکی منسوخی کی زبانی اطلاع دے کر چلی گئیں اور اُن تمام ٹھیکیداروں کو اُن کے لفافے فوری طور پر واپس کردیئے گئے ۔ جس کے بعد ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کا نمائندے نمائندہ خاص نے مالکان کو اپنا لفافہ واپس لینے کا کہا مگر جب مالکان اور نمائندہ نے جب لفافہ لینے سے انکار کیا تو اُس نے کہاکہ ہم اس لفافے کی ذمہ داری نہیں لے سکتے۔ مگر شام کو 7:30 بجے کے قریب سیپرا کی ویب سائٹ پر ایک نوٹیفکیشن شائع کیاگیا جس میں درج تھاکہ یہ ٹینڈر منسوخ کردیا گیا ہے مگر منسوخی کی وجہ کا ذکر نہیں کیا گیا۔ ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن پرائمری لبنیٰ صلاح الدین نے ٹینڈر منسوخ اور معاملے کی تحقیقات کے معاملے پر موقف دینے سے انکار کردیا اور کہا کہ چیف سیکرٹری سہیل راجپوت نے صحافیوں کو معلومات دینے سے منع کررکھا ہے جب وہ یہ پابندی اٹھالیں گے تو میں آپ کو بتادوں گی۔