پنجاب، KP میں انتخابات، الیکشن کمیشن تیار، اپریل کی تاریخوں پر غور

25 جنوری ، 2023

اسلام آ باد(پی پی آ ئی) الیکشن کمیشن نے گورنرپنجاب اور خیبرپختونخوا سے رابطہ کرکے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخیں تجویزکردیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابات کیلئے 9اپریل سے 12اپریل تک موزوں تاریخیں ہیں اور الیکشن کمیشن ان تاریخوں میں دونوں صوبوں میں انتخابات کیلئے تیار ہے۔ الیکشن کمیشن میں ہونے والے اہم اجلاس میں حکام نے بتایاکہ پولنگ اسٹیشنز اور ووٹرز لسٹیں تیارکرلی ہیں ، اجلاس میں چیف الیکشن کمشنرکی جانب سے انتخابی تیاریاں تیزکرنے کی ہدایت کی گئی۔چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں ممبران، صوبائی الیکشن کمشنرز اورتمام ونگزکے حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں پنجاب، کے پی کے اورضمنی انتخابات سے متعلق تیاریوں پر غور کرتے ہوئے کہا گیا کہ پریزائڈنگ افسران اور دیگر پولنگ عملے کی تقرری کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔