راولپنڈی اسلام آباد سمیت بعض مقامات پر بارش و برفباری ‘ سردی کی لہر جاری

25 جنوری ، 2023

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے) راولپنڈی اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں منگل کے روز بھی کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ اس دوران سردی کی لہر بدستور جاری رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش کالام 36، پٹن 22 ، سیدو شریف 15، دیر بالائی14، میر کھانی 13، دروش 10، چترال 7، مری 6، اسلام آباد 1، مظفرآباد 5، راولاکوٹ 4 اور گڑھی دوپٹہ میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ برفباری کالام 21، مالم جبہ 17، میر خانی 8، چترال، دیر4، دروش3 اور مری میں 2انچ ریکارڈ ہوئی۔ گزشتہ روز ملک میں سب سے کم درجہ حرارت لہہ منفی14 ، قلات منفی 9 ، گوپس، اسکردو منفی 7، کالام منفی 6، ژوب، پاراچنار، کوئٹہ منفی 5 ، ہنزہ منفی 4، مری، پنجگور اور استور میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا ۔ تاہم راولپنڈی اسلام آباد سمیت خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔