عدم پیشی پر عمران ، فواد ، اسد عمر کیخلاف مفرورقرار دینے کی کارروائی کر ینگے،الیکشن کمیشن

25 جنوری ، 2023

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اگر عمران خان ، اسد عمر اور فواد چوہدری توہین الیکشن کمیشن کیس میں پیش نہیں ہوتے تو انکو مفرور قرار دیکر غیر حاضری میں کارروائی شروع کریں گے ،توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کیسز میں عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کیخلاف کیسز کی سماعت ممبر نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے کی ۔ پی ٹی آئی وکیل نوید انجم پیش ہوئے اور کہا کہ فرخ حبیب کے الیکشن کمیشن کیخلاف کیس کی سماعت ہائی کورٹ میں ہے۔ وکیل انور منصور اس کیس کی سماعت کیلئےہائیکورٹ میں مصروف ہیں۔ فواد چوہدری کراچی ، اسد عمر بھی شہر سے باہر ہیں، عمران خان زخمی ہیں۔ انکی حاضری سے استثنی کی درخواست دے رہے ہیں ۔ ممبر کمیشن نے کہا کہ حاضری سے کب تک استثنی لیں گے۔ کیا بڑے لوگوں کی قانونی ذمہ داری نہیں کہ پیش ہوں ۔ ہم وارنٹ نکالتے ہیں تو ہائیکورٹ معطل کرتی ہے پھر کہتا ہے کارروائی بھی جاری رکھیں۔ ہم نے کہا ہے وہ فریم چارج ہونے پیش ہوں ۔اگر اپ نہیں آتے تو ہم 512 کی کارروائی شروع کریں گے۔ پی ٹی آئی رہنما نہیں آتے تو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کریں گے ،پی ٹی آئی وکیل نوید انجم نے کہا کہ آئندہ سماعت پر پیش ہوں گے۔ کیس کی سماعت یکم فروری تک ملتوی کر دی گئی ۔