پٹرولیم کا بحران، فوری ایل سیز کھولنے کی ہدایت،گزشتہ 19جنوری ہی کو محدود اسٹاک سے آگاہ کردیاگیا تھا، پٹرولیم ڈویژن

25 جنوری ، 2023

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا بحران نہ ہونے کو یقینی بنانے کےلیے گورنر اسٹیٹ بینک کے ساتھ آج بدھ کو اجلاس ہوگا پٹرولیم کے وزیر مملکت مصدق ملک کے مطابق اجلاس میں ترجیحی بنیاد پر پٹرول کی درآمد کےلیے ایل سی کھولنے کےلیے کہا جائے گا۔ وزارت توانائی کے سینئر افسر کے مطابق پٹرولیم ڈویژن نے گزشتہ 19جنوری کو پٹرول کے محدود اسٹاک پر توجہ دلانے کےلیے گورنر اسٹیٹ بینک کو خط لکھا تھا۔ بتایا گیا تھاکہ پارکو، پی آر ایل اورآئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے 32 ایل سیز فوری کھولنے ہوں گے۔ تاہم مارکیٹ کو افراتفری سے بچانے کےلیے پٹرولیم ڈویژن نے بتا دیا تھا کہ ملک میں 16دنوں کے لیے پٹرول اور 36دنوں کےلیے ڈیزل کا ذخیرے رہ گئے ہیں۔ تاہم پٹرول کے تین کارگوز جلد پاکستان پہنچنے والے ہیں۔ جو آئندہ 15دنوں تک ملک کو بحران سے بچانے کےلیے کافی ہوں گے50 ہزار میٹرک ٹن تیل درآمد کیاجا رہا ہے۔ فوری طور پر 23 ایل سیز پر خام تیل درآمد کرنے کےلیے کہا گیا ہے۔