توشہ خانہ معلومات مشتہر کرنیکی منظوری، تحفہ کی اصل قیمت دینا ہوگی،کا بینہ نے نئی پالیسی میں مزید ترامیم کردیں

25 جنوری ، 2023

اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی کابینہ نے توشہ خانہ کی معلومات مشتہر کرنے کی منظوری دی، نئی پالیسی کے مطابق متعلقہ شخصیت اصل قیمت ادا کر کے تحفہ حاصل کر سکے گی، کابینہ نے نئی پالیسی میں مزید ترامیم کر دیں۔منگل کو وزیراعظم شہبازشریف کی صدارت میں کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ وفاقی کابینہ کو توشہ خانہ کے حوالے سے بنائی گئی بین الوزارتی کمیٹی کی سفارشات پر مبنی جامع رپورٹ پیش کی گئی۔ کمیٹی نے توشہ خانہ کی نئی پالیسی کا مسودہ بھی کابینہ اجلاس میں پیش کیا ۔ وفاقی کابینہ نے کمیٹی کی سفارشات اور نئی توشہ خانہ پالیسی پر اپنی تجاویز پیش کیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ان تجاویز کی روشنی میں بین الوزارتی کمیٹی اپنی رپورٹ میں ترامیم کرکے آئندہ کابینہ کے اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کرے۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 3 جنوری 2023 اور 11 جنوری 2023 میں منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ وفاقی کابینہ نے قانون سازی ( CCLC )کے 6 جنوری 2023 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔