شہباز حکومت 172 لوگوں کی حمایت کھو چکی،بحران کا حل جنرل الیکشن:فواد چوہدری

25 جنوری ، 2023

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے مزید 43 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کیے جانے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز حکومت 172 لوگوں کی حمایت کھو چکی،بحران کا واحد حل جنرل الیکشن ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ راجا ریاض کو بچانے کے لیے اسپیکر کے اقدامات کے نتیجے میں اس وقت 40فیصد نشستیں خالی ہو چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ محدود تعداد میں اسمبلی جانے کا مقصد راجا ریاض کو اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے فارغ کرنا تھا ورنہ اس قومی اسمبلی کی کوئی نمائندہ حیثیت نہیں کہ اس میں واپس جائیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت شہباز شریف حکومت 172 لوگوں کی حمایت کھو چکی ہے ، واحد حل قومی انتخابات ہیں، حکومت کتنا عرصہ عوام سے کترائے گی، آخر فیصلہ لوگوں نے کرنا ہے اور فیصلہ ووٹ سے ہو گا۔