آئی ایم ایف کو پیغام، پروگرام مکمل کرنا چاہتے ہیں، ساری سے سیاسی کمائی ملک وریاست پر قربان کر دوں گا،وزیراعظم

25 جنوری ، 2023

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاساری سیاسی کمائی ملک و ریاست پر قربان کردونگا،کٹھن وقت سے گزر رہےہیں ، نوجوانوں کو 5تا75لاکھ روپے زرعی اور کاروباری قرضے ،ایک لاکھ لیپ ٹاپ دینگے،اشرافیہ اور اہل ثروت طبقے کو بھی قربانی دینی ہوگی،IMFکو پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فنڈ کے ساتھ پروگرام مکمل کرنا چاہتے ہیں۔اسلام آباد میں پرائم منسٹر یوتھ بزنس اینڈ ایگری لون کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتےہوئے انہوں نے مزید کہا ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے جان دیدونگا،5لاکھ روپے تک کے قرضے بلاسود ،واپسی کی مدت 3سال ہوگی، پاکستان کے کروڑوں نوجوان ملک کو مسائل سے نکالنے کی پوری اہلیت رکھتے ہیں، نوجوانوں کے ساتھ مل کرپاکستان کوعظیم بنائیں گے، وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگری لونز کے اجراء سے نوجوانوں کوبااختیاربنانے میں مددملے گی، اس موقع پروفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب،معاون خصوصی شزہ فاطمہ خواجہ، گورنرسٹیٹ بینک جمیل احمد، بینکوں اورمائیکروفنانس اداروں کے سربراہان اورکئی ممالک کے سفراء بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں بطورخادم اعلیٰ ذمہ داریاں اداکرتے ہوئے انہوں نے نوجوانوں کیلئے کئی اقدامات اٹھائے، لاکھوں نوجوانوں کو پنجاب کے اپنے وسائل سے بلاسود قرضے مہیا کئے گئے، نوجوانوں کولاکھوں لیپ ٹاپ میرٹ پرتقسیم کئے گئے، پنجاب کے علاوہ باقی صوبوں میں بھی لیپ ٹاپ کی فراہمی کی گئی، بینک آف پنجاب کے زریعہ بے روزگارنوجوانوں کوگاڑیاں فراہم کی گئیں، اسی طریقے سے خودروزگارسکیم کے تحت ہم نے 40 ارب روپے کے قرضے تقسیم کئے جن کی ریکوری 99 فیصد تھی،اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ہمارے نوجوان پرعزم ہیں ، اس کے مقابلہ میں بینکوں سے جو قرضے لئے جاتے ہیں تو اربوں کے قرضے معاف ہوتے ہیں،یہ نوجوانوں کی پاکستان کے ساتھ عزم کی عکاسی کررہی ہے ، اگر نوجوانوں کووسائل اورحالات مہیا کئے جائے تووہ پاکستان کو اقوام عالم میں کھویا مقام حاصل کرنے میں کوئی کسراٹھانہیں رکھیں گے۔وزیراعظم نے کہاکہ 2013 میں وزیراعظم نوازشریف کی نگرانی میں54 ہزار نوجوانوں کو لیپ ٹاپس فراہم کئے گئے ، اس سے صرف ملک کے نوجوانوں کو نہیں بلکہ معیشت کو بھی فائدہ پہنچا، ماضی میں ہم پرتنقید ہوتی رہی کہ یہ سیاسی رشوت ہے میرا جواب ہوتا کہ کیا میں نوجوانوں کے ہاتھوں میں کلاشنکوف دیدوں، کوویڈ میں یہی لیپ ٹاپ نوجوانوں کی تعلیم اورروزگار کا زریعہ بن گیا،یہ وہ زمانہ تھا جب حکومت پاکستان اورصوبائی حکومتوں نے نوجوانوں کیلئے روزگار کی سکیمیں شروع کیں۔وزیراعظم نے کہاکہ آج پاکستان کے وسائل پربہت بوجھ ہے ، آج سٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کی قیادت میں سٹیٹ بینک، کمرشل اورمائیکروفنانس کمپنیوں کے تعاون سے اس سکیم کا آغاز کیا ہے، محدود گنجائش کے باوجوداس کیلئے ہم نے وسائل مہیا کئے ہیں۔5 سے پندرہ لاکھ روپے تک کے قرضوں پرشرح سود 5 فیصد ہوگا، 15 سے 75 لاکھ روپے تک کے قرضوں پرشرح سود 7 فیصد ہوں گی اوراسکی واپسی کی مدت 8 سال ہوں گی، یہ سب پاکستان کے نوجوان بچوں اوربچیوں کیلئے ہے۔