مزید 43 ارقان کے استعفے منظور، قو می اسمبلی میں تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا ختم الیکشن کمیشن سے ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہو سکا

25 جنوری ، 2023

اسلام آباد(ایجنسیاں/مانیٹرنگ سیل)سپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے مزید 43 ارکان کے استعفے منظور کرلیے،قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی ختم ہوگئی،الیکشن کمیشن سے ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنیکا نوٹیفکیشن تاحال جاری نہ ہوسکا ۔ذرائع قومی اسمبلی کے مطابق سپیکر نے 22 جنوری کو استعفے منظور کرکے الیکشن کمیشن کو بھجوادیئے تھے، 23جنوری کو واپسی کے لئے ای میل اور واٹس ایپ درخواستیں خلاف ضابطہ اور غیر غیر مؤثر تھیں، اب تک 123 ارکان کے استعفے منظور ہوچکے ، سردار طالب نکئی اور نواز الٰہی چھٹی کی درخواست کے باعث بچ گئے ، 20 منحرف ارکان ایوان کا حصہ ہیں ، پی ٹی آئی نے استعفے منظور نہ کرنیکی درخواست جمع کرارکھی تھی۔سپیکر نے 43 ارکان کے استعفے منظوری کی سمری الیکشن کمیشن کو بھجوادی ہے جو الیکشن کمیشن کو موصول بھی ہوگئی ہے۔ذرائع کے مطابق 22 جنوری کو اسد قیصر اور فواد چوہدری نے میڈیا ٹاک میں باقی اراکین کے استعفے منظور نہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ مزید 43 استعفوں کی منظوری کے بعد مجموعی طور تحریک انصاف کے 122اور شیخ رشید کا ایک استعفیٰ ملا کر 123اراکین کے استعفے منظور ہو چکے ہیں۔جن ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کئے گئے ان میں ریاض فتیانہ ، سردار طارق حسین ، محمد یعقوب شیخ ، مرتضی اقبال ،سردار محمد خان لغاری، حاجی امتیاز چوہدری، لال چند اور جواد حسین شامل ہیں۔نوشین حامد، منزہ حسن، صائمہ ندیم ، تاشفین صفدر، صوبیہ کمال خان، ظل ہما، رخسانہ نوید کا استعفیٰ بھی منظور، غزالہ سیفی اورطارق صادق بھی لسٹ میں شامل ہیں، سپیکر قومی اسمبلی نے گزشتہ 8 روزکے اندر113 استعفی منظور کئے۔پاکستان تحریک انصاف کے دو ارکان چھٹی کی درخواست کے باعث بچ گئے، سردار طالب نکئی اور نواز الٰہی کے استعفے منظور نہ ہوئے، سپیکر نے مزید 43 استعفے پرانی تاریخوں میں منظورکئے، پی ٹی آئی کے 20 منحرف ارکان ایوان کا حصہ ہیں۔