مصنوعی مہنگائی کرنیوالوں کیخلاف بلا امتیاز کارراوائی کی جائے، نگران وزیر اعلیٰ

25 جنوری ، 2023

لاہور(نمائندہ خصوصی،خصوصی رپورٹر ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے باضابطہ طور پر اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد سرکاری امور کے ساتھ ساتھ وفود سے ملاقاتیں شروع کر دیں ۔ نگران وزیر اعلیٰ نے ایوان وزیر اعلیٰ میں دو اجلاسوں کی صدارت کی اور ڈاکٹرز سے ملاقات کی۔ گزشتہ روز وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کااجلاس منعقدہوا، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان،انسپکٹر جنرل پولیس عثمان انور اور سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ نے اجلاس میں شرکت کی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے انتظامی امور،مہنگائی پر قابو پانے اور جرائم کنٹرول کرنے کے حوالے سے ہدایات دیں۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ مہنگائی کنٹرول کرنے کے لئے ضروری انتظا می اقدامات اٹھائے جائیں اورانتظامی افسران مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں -اشیائے ضروریہ کی مقررکردہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے-شہریو ں کو کسی بھی صورت ناجائز منافع خوروں اور ذخیر ہ اندوزوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے-نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں اور سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔امن و امان کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔ علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ،کلمہ چوک تا لبرٹی کی ری ماڈلنگ(سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ) کے منصوبے کوجلد مکمل کرنے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے برکت مارکیٹ سے علی زیب روڈ تک انڈر پاس اور کلمہ چوک انڈر پاس کی ری ماڈلنگ پراجیکٹ کو 15فروری تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی۔ محسن نقوی نے مزید ہدایت کی کہ کلمہ چوک سے لبرٹی تک کی ٹریفک کی روانی کے لئے دو لین کو 24گھنٹے کے اندر فنکشنل کیاجائے۔ قبل ازیں نگران وزیراعلیٰ سے وزیراعلیٰ آفس میں فاطمہ جناح میڈیکل کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے ملاقات کی۔ محسن نقوی نے فاطمہ جناح میڈیکل کالج یونیورسٹی اور گنگارام ہسپتال کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔