پنجاب و KP میں انتخابات،الیکشن کمیشن تیار،اپریل کی تاریخوں پر غور

25 جنوری ، 2023

لاہور(نمائندہ خصوصی)چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب اور کے پی کے صوبائی الیکشن کمشنرز اور الیکشن عملے کو عام انتخابات کیلئے مکمل تیار رہنے کی ہدایت کردی۔ الیکشن کمیشن نے صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ کیلئے فوری طور پر پنجاب اور کے پی کے گورنرز سے جلد رابطہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے،الیکشن کمیشن نے صوبائی چیف سیکرٹریز سے انتخابی ڈیوٹی کیلئے ملازمین و افسران کی فہرست مانگ لی ،اس حوالے سے گزشتہ روز پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عام انتخابات اور ضمنی الیکشن کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔ عام انتخابات اور ضمنی الیکشن کے اخراجات اور تیاریوں پر اجلاس میں بریفنگ دی گئی۔