پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع دیکھ رہے ہیں:امریکی سفیر

25 جنوری ، 2023

سیالکوٹ/شکرگڑھ(نمائندہ جنگ/نامہ نگار) پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع دیکھ رہا ہے پاکستان اور امریکہ کے درمیان آئی ٹی،زراعت میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں امریکہ پاکستان کے ساتھ تجارت کا فروغ چاہتا ہے پاکستان کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے جس سے امریکہ بخوبی آگاہ ہے۔ 2022 میں دونوں ممالک کے مابین 9.9 بلین ڈالر کی تجارت ہوئی ہے پاکستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو امریکہ میں بہت پذیرائی ملی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں دورہ کے دوران مقامی برآمدکنندگان اور درآمدکنندگان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صدر سیالکوٹ چیمبر عبد الغفور اور نائب صدر بھی موجود تھے۔ قبل ازیں ڈونلڈ بلوم، قونصل جنرل لاہور ولیم میکا نولے سات رکنی وفد کے ہمراہ دربار بابا گورو نانک کرتار پور پہنچے ۔ دربارہال میں راہداری منصوبے پر دستاویزی ڈاکومینٹری دیکھی،درباربابا گوروناک پر حاضری دی ۔امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے بہترین مہمان نوازی اور انتظامات پر حکومت پاکستان اور دربار انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔