صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات 12 اپریل سے پہلے ہوجائینگے،خرم دستگیر

25 جنوری ، 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی مدت میں چھ ماہ کے اضافے کی گنجائش نہیں ، عام انتخابات وقت پرکروانے چاہئیں، صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات بارہ اپریل سے پہلے ہوجائیں گے۔ وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں جماعت اسلامی کے رہنما عبدالاکبر چترالی ،جی ڈی اے کی رہنما سائرہ بانو اور سینئر صحافی حافظ طاہر خلیل بھی شریک تھے۔عبدالاکبر چترالی نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ پور ے ملک میں ایک ہی دن الیکشن ہوں، اسپیکر کو پی ٹی آئی کے استعفے قبول کرنے میں اتنی جلدی نہیں کرنی چاہئے تھی، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں نگراں سیٹ اپ اگست تک چلے گا، پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات قومی اسمبلی کے الیکشن کے ساتھ ہوں گے، خبریں ہیں اگست میں قانون سازی کے ذریعہ قومی اسمبلی کو چھ ماہ کی توسیع دیدی جائے گی۔ سائرہ بانو نے کہا کہ عمران خان کو ان کی پارٹی کے میرجعفر اور میرصادق نے ڈبودیا، شہباز شریف پہلے اپنی کابینہ کا حجم کم کریں پھر عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنے کا سوچیں، پنجاب میں نگران سیٹ اپ طویل عرصہ کیلئے آیا ہے۔سینئر صحافی حافظ طاہر خلیل نے کہا کہ قومی اسمبلی کی 100سے زائد خالی نشستوں پر آئین کے مطابق 60روز میں الیکشن ہوں گے ، پنجاب، خیبرپختونخو اسمبلیوں، قومی اسمبلی کی خالی نشستوں اور اکتوبر میں عام انتخابات کیلئے 70ارب روپے کی ضرورت ہے۔ خرم دستگیر خان نے کہا کہ وولٹیج کے زیادہ اتار چڑھاؤ کی وجہ سے پاور پلانٹس ازخود بند ہوئے جس کے سبب بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا، تربیلا ڈیم کی فریکوئنسی منگلا ڈیم سے ملانے میں پرابلم کے باعث بجلی کی فراہمی بحال ہونے میں تاخیر ہوئی، جوہری پاور پلانٹس بھی پرسوں صبح دوبارہ چلنا شروع ہوجائیں گے، اس وقت بجلی کے نظام میں کوئی خرابی نہیں، قیمتوں میں اضافہ ضرور ہوا ہے لیکن اتنا نہیں جتنا تحریک انصاف کے دور میں ہوا تھا، قومی اسمبلی کی مدت میں چھ ماہ کے اضافے کی گنجائش نہیں ،عبدالاکبر چترالی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بجلی کا 80فیصد نظام ابھی تک بحال نہیں ہوا ، اس وقت سیاست جمہوریت نہیں چال بازی کا نام بن چکی ہے ،معیشت کی کیا حالت ہے ہم دوسرے ملکوں سے بھیک مانگ رہے ہیں، سائرہ بانو نے کہا تمام سیاسی جماعتیں اقتدار کی جنگ میں مصروف ہیں ۔