عمران عوامی تکلیف پر نہیں محسن نقوی کیخلاف سڑکوں پر ہیں،شاہد خاقان

25 جنوری ، 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان عوام کی تکلیف یا ملکی مسائل پر نہیں محسن نقوی کے خلاف سڑکوں پر جارہے ہیں،چیئرمین ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن ملک بوستان کا کہنا ہے کہ ڈالر ریٹ کیپ کرنے کا فیصلہ ملکی مفاد میں تھا مگر اس کا الٹا اثر ہوا،ترسیلات زر اور برآمدات کم ہوگئیں،ڈالر کا کیپ ہم نے خود لگایا تھا خود ہی ہٹایا ہے،اسحق ڈار سے منظوری نہیں لی،سینئر صحافی و تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا کہ قومی اسمبلی سے استعفوں کے بعد صوبائی اسمبلیاں تحلیل کر کے انہوں نے دو بڑی غلطیاں کی ہیں، عمران خان کو یہ اقدامات اسی وقت کرنے چاہئے تھے جب انہیں الیکشن قریب نظر آرہے ہوتے ، شاہد خاقان عباسی نے کہا نگراں حکومت کا الیکشن میں کوئی کردار نہیں ہوتا ، آئی ایم ایف کے علاوہ ہمارے پاس کوئی چوائس نہیں ،ملک بوستان نےکہ بلیک مارکیٹ کا مقابلہ کرنے کیلئے ڈالر امپورٹ کرنے اور ترسیلات زر کو مارکیٹ میں فروخت کرنے کی اجازت مانگی ہے، ہم ڈالر فروخت کرنا شروع کریں گے تو آہستہ آہستہ گرنا شروع ہوجائے گا، ڈالر سپلائی کو بلیک مارکیٹ نہیں جانے دیں گے، سینئر صحافی دی نیوز مہتاب حیدر نے کہا آئی ایم ایف کا رویہ بہت سخت ہے، آئی ایم ایف جانتا ہے پاکستان کو آئندہ پانچ ماہ میں 10ارب ڈالرز ادا کرنا ہیں جو اس کی سپورٹ کے بغیر حاصل نہیں کیے جاسکتے،آئی ایم ایف سے مذاکرات میں پیشرفت نہیں ہوئی تو 10ویں ریویو کا وقت شروع ہوجائے گا ، سہیل وڑائچ نے کہا پرویز الٰہی کے ساتھ محسن نقوی کی نہیں بنتی ، عمران خان اپنا حامی وزیراعلیٰ نکال کر مخالف وزیراعلیٰ لے آئے ہیں ، حکومت کو پی ٹی آئی کو گنجائش دینی چاہئے ، نواز شریف نے بیانیہ بنایا اور مریم نواز نے اچھی مہم چلائی تو سخت مقابلہ ہوگا۔