شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاسپاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات جون میں ہو سکتی ہے

25 جنوری ، 2023

اسلام آباد (صالح ظافر) وزیراعظم شہباز شریف اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان جون میں شنگھائی تعاون تنظیم کے جون میں ہونے والے اجلاس کے دوران ملاقات ہو سکتی ہے۔ تنظیم کے 22ویں اجلاس میں چین، روس، ایران سمیت 9؍ ملکوں کے رہنما شرکت کریں گے۔ اجلاس نئی دہلی میں ہوگا۔ اسی دوران بھارت نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کو تنظیم کے وزرائے خارجہ اور چیف جسٹسز کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ متعلقہ حکام نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ دونوں شخصیات کی اجلاس میں شرکت کے حوالے سے فیصلہ متعلقہ حکام کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ وزرائے خارجہ کا اجلاس مئی کے پہلے ہفتے میں گوا شہر میں ہوگا۔ رواں سال کیلئے بھارت ایس سی او اجلاس کا منتظم ہے۔ چیف جسٹسز کا اجلاس مارچ میں ہوگا۔ذرائع نے اس نمائندے کو بتایا ہے کہ پاکستان کو اجلاس کے حوالے سے دعوت نامہ موصول نہیں ہوا لیکن پاکستان کو اجلاس میں چائنیز اور روسی قیادت کی موجودگی کی اہمیت کا اندازہ ہے۔