سٹاک مارکیٹ میں پھر تیزی : انڈیکس 612 پوائنٹ بڑھ گیا

25 جنوری ، 2023

لاہور (سودی) گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہا، دو سو سے زائد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ سمیت انڈیکس اور مجموعی مالیت بھی بڑھ گئی۔ مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ہی تیزی سے ہوا جس میں دن بھر اضافہ ہوتا رہا اور ایک موقع پر انڈیکس 647پوائنٹ تک بڑھ گیا۔ تیزی کے دوران متعدد مرتبہ سیل کا پریشر بھی آیا اور پرافٹ ٹیکنگ بھی مگرجذب ہوتی رہی جبکہ تیزی کے باعث کاروباری حجم میں بھی معمول سے اضافہ رہا۔ مارکیٹ کو سب سے زیادہ سپورٹ نجی سرمایہ کاروں کی طرف سے بھاری خریداری ہونے نے دی۔ مارکیٹ میں تیزی کا باعث بننے والے عناصر میں آئی ایم ایف سے مذاکرا سے متعلق گرین سگنل اور وفد کی جلد پاکستان آنے کی خبریں سر فہرست تھیں جبکہ سرکلر ڈیٹ کی ادائیگی کیلئے مختلف تجاویز آنا، ڈالر کی قیمت میںاضافہ سے آئی ٹی سیکٹر کی کمپنیوں کو فائدہ ہونا اور انٹرسٹ ریٹ میں اضافہ کے اثرات مارکیٹ میں پہلے ہی جذب ہو جانا شامل تھے۔ گزشتہ روز نجی سرمایہ کاروں، بروکروں اور بیرونی فنڈز کی نیٹ خریداری تھی جبکہ انشورنس کمپنیوں اور میوچل فنڈز کی نیٹ سیل تھی۔ کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ انڈیکس 612پوائنٹ کے اضافہ سے 39056پر آگیا۔ 225کمپنیوں میں اضافہ، 74میں کمی اور 27میں استحکام رہا۔ 17کروڑ 97لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔