حکومت کی میڈیا کش پالیسیاں،PFUJ کا احتجاجی تحریک کا شیڈول جاری

25 جنوری ، 2023

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے وفاقی حکومت کی میڈیا کش پالیسیوں کے خلاف ملک گیر مرحلہ وار احتجاجی تحریک کا شیڈول جاری کر دیا ہے، 26 جنوری سے آغاز ، مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو 30 جنوری کو پارلیمنٹ ہاؤس کی جانب مارچ ، دھرنا ہو گا ،افضل بٹ کی زیر صدارت اجلاس میں کہا گیا ہے کہ پیمرا ایکٹ میں حالیہ ترامیم اور پیمرا کی جانب سے ٹی وی چینلز کو آئے روز غیر قانونی نوٹس جاری کرنے، پیکا ایکٹ میں ترامیم ختم کرنے کی حکومتی وعدہ خلافی، ارشد شریف شہید کے قاتلوں کی گرفتاری میں تاخیر، ایف آئی اے کی جانب سے لاہور کے صحافی کو گرفتار کرکے ہراساں کرنے اور صحافیوں کیخلاف بوگس مقدمات کے اندراج پر خاموشی بددیانتی کے مترادف ہے۔ پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ و سیکرٹری جنرل ارشد انصاری نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ احتجاجی تحریک کا آغاز جمعرات 26 جنوری کو ہوگا، 26 جنوری کو دوپہر بارہ بجے سے تین بجے تک ملک بھر کے پریس کلبوں پر سیاہ پرچم لہرائے اور بھرپور احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔