ناموس رسالت ریلیاں،احتجاج،لاہور کی شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام

25 جنوری ، 2023

لاہور(کرائم رپورٹر سے)لاہور میں لوئر مال، استنبول چوک، جی پی او چوک، ریگل چوک مال روڈپر تحفظ ناموس رسالت کے سلسلہ میں مختلف تنظیموں کی جانب سے ریلیوں اور احتجاج کے باعث ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر رہا۔ سٹی ٹریفک پولیس کے ناقص انتظامات کےسبب گاڑیوں طویل قطاریں لگ گئیں۔ شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔ لوئر مال پر احتجاج کے باعث ایم اے او کالج، کچہری چوک سے جانب پی ایم جی چوک ، چرچ چوک سے سیکرٹریٹ چوک، استنبول چوک ،قرطبہ چوک ،چوبرجی ،انار کلی چوک ،ریگل چوک ودیگر اہم شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام سے معمولات زندگی متاثر ہوئے۔ٹریفک پولیس کا کہنا تھاکہ ٹریفک پولیس کی جانب سے اضافی ٹریفک وارڈنز کو تعینات کیا گیا ہے ،ٹریفک کو متبادل روٹس پر بھیج کرٹریفک کو بحال کیا گیا۔