جوائنٹ سب رجسٹرار کو عہدے سے ہٹایاجائے،پراپرٹی اینڈ بلڈرز ایسوسی ایشن

29 جنوری ، 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)آل بلوچستان پراپرٹی اینڈ بلڈرز ایسوسی ایشن کے صدر امیر حمزہ نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان ہائی کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے جوائنٹ سب رجسٹرار کو ان کے عہدے سے ہٹائے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو حاجی طالب ، نور اللہ ، حاجی مالک ، صدو خان ، ہارون درانی ، اصغر خان ، آدم خان ، محمد حنیف اور دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہائیکورٹ نے جوائنٹ سب رجسٹرار کی پوسٹنگ کو کالعدم قرار دیا اور چیف سیکرٹری کو حکم دیا کہ جلد سے جلد جوائنٹ سب رجسٹرار کی پوسٹ پر گریڈ 17 کے افسر کو تعینات کیا جائے مگر افسوس کہ عدالت کے احکامات پر عملدرآمد نہیں کیاجارہا۔ انہوں نے کہا کہ جوائنٹ سب رجسٹرار سمیت دو اہلکار عوام کو لوٹ رہے ہیں ان تینوں کے خلاف نیب ، ایف آئی اے میں انکوائریاں بھی ہوئی ہیں اور انہیں عہدوں سے ہٹاکر ایف آئی آر درج کرنے کی سفارش کی گئی جبکہ عدالت میں ان افراد کی کرپشن کے ثبوت بھی دیئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ آل بلوچستان پراپرٹی ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ان افراد کے خلاف دوبارہ عدالت میں توہین عدالت کا کیس دائر کیا ہے تاکہ ایسی اہم پوسٹوں پر فرض شناش افسر کی تعینات کی جاسکے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان حکومت فوری طور پر جوائنٹ سب رجسٹرار کو ان کے عہدے سے ہٹائے اور ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔