انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سہولت ملک بھر میں پہنچائی جائیگی‘ صادق افتخار

29 جنوری ، 2023

تربت(خ ن)ورچوئل یونیورسٹی اسلام آباد اور ملک کے معروف ٹیکنالوجی ادارے ایگنائٹ کے زیر اہتمام تربت یونیورسٹی کے لا فیکلٹی کے ایڈیٹوریم میں آن لائن کے ذریعے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ٹریننگ حاصل کرنے والے طلباء وطالبات میں وظیفہ سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب منعقد کی گئی ۔اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی صادق افتخار تقریب کے مہمان خاص تھے جبکہ دیگر مہمانوں میں صوبائی مشیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ لالہ رشید دشتی ، سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ، وائس چانسلر تربت یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر جان محمد ، ڈین فیکلٹی آف لاء ڈاکٹر گل حسن بلوچ ، ورچوئل یونیورسٹی اسلام آباد کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر محسن جاوید ، پروجیکٹ ڈائریکٹر ورچوئل یونیورسٹی پروفیسر ظفر علی علوی ، تربت یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر منصور بلوچ ، رجسٹرار یونیورسٹی آف تربت گنگوزار بلوچ ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز یونیورسٹی آف تربت اعجاز احمد بلوچ ،یونیورسٹی آف گوادر کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر منظور بلوچ ، یونیورسٹی آف گوادر کے رجسٹرار دولت خان، سابق جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ شکیل احمد بلوچ ، فیکلٹی ممبران، اساتذہ ، طلباء اور طالبات سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔اس دوران تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی صادق افتخار نے کہا کہ حکومت پاکستان کا وژن ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سہولیات کو ملک کے کونے کونے میں پہنچایا جائے تاکہ ہمارے فارغ التحصیل طلبہ وطالبات انفارمیشن ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا کر اپنے ہی گھر میں بیٹھ کر آمدنی کے ایک بہترین ذریعے سے مستفید ہوسکیں ۔انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا انٹرنیٹ کی موجودگی کی وجہ سے گلوبل ولیج بن چکی ہے اور اس حوالے سے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اس ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا کر اپنے عوام کو تعلیم کی بہترین سہولیات فراہم کریں ۔ اس دوران تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی مشیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ لالہ رشید دشتی نے کہا کہ آج کے دور میں کوئی بھی قوم تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی اور اس حوالے سے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھرپور فائدہ اٹھا کر اپنی قوم کو ترقی کے راستے پرگامزن کریں ۔انہوں نے ورچوئل یونیورسٹی کی انتظامیہ کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ ورچوئل یونیورسٹی کیمپس کے قیام کے لئے زمین کی فراہمی کے حوالے سے کوئٹہ جاکر متعلقہ حکام سے بات کریں گے۔اس موقع پر تقریب میں ایگنائیٹ کے سی ای او عاصم شہریار حسین کا ویڈیو پیغام بھی نشر کیا گیا ۔تقریب کے آخر میں ورچوئل یونیورسٹی سے آن لائن تعلیم حاصل کرنے والے فارغ التحصیل طلبہ وطالبات میں وظیفے کے سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے ۔بعد ازاں ورچوئل یونیورسٹی اسلام کے جانب سے وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی صادق افتخار ، مشیر پبلک ہیلتھ لالہ رشید دشتی، وی سی تربت یونیورسٹی جان محمد، ڈین فیکلٹی آف لا ڈاکٹر گل حسن ،سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور دیگر معزز مہمانوں کو یادگاری شیلڈ دی گئی ۔آخر میں وفاقی وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی صادق افتخار نے تربت یونیورسٹی کے لا فیکلٹی میں قائم آئی ٹی لیب کا بھی دورہ کیا اور انہوں نے وہاں پر طلباء وطالبات کو میسر سہولیات کا جائزہ بھی لیا ۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر نے میڈیا کے نمائندوں کو بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں قائم وفاقی حکومت اور وفاقی وزیر سید امین الحق کی قیادت میں قائم انفارمیشن ٹیکنالوجی کا محکمہ صحافیوں کو پیشہ ورانہ سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات اٹھارہا ہے اور اس حوالے سے جلد ملک کے مختلف پریس کلبوں کو ڈیجیٹلائز کرنے کے پروگرام پر عملدرآمد کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک کے تمام صوبوں میں جلد آئی ٹی پارک کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔