عوام گیس و بجلی سے محروم‘ فریاد سننے والا کوئی نہیں‘ جمعیت

29 جنوری ، 2023

کوئٹہ(پ ر)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کی مجلس عاملہ کا اجلاس ضلعی امیر مولانا عبدالرحمٰن رفیق کی صدارت میں ہوا، جس میں تنظیمی اور عوامی مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے مختلف امور کی انجام دہی کے لئے متعدد فیصلے کئے گئے جس کےمطابق 3فروری کوشمولیتی پروگرام، 9 فروری کوجمعیت ضلع کوئٹہ کی تمام ماتحت تحصیلوں اور یونٹوں کے امراء ونظماء کا اجلاس اور 26 فروری کو جمعیت ضلع کوئٹہ کی جنرل کونسل مجلس عمومی کا دستوری اجلاس ہوگا ۔ اجلاس میں ارکان کی متفقہ قرارداد میں سوئیڈن اور ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ قرآن مجید کی بے حرمتی کی اجازت کوئی مذہب نہیں دیتا، اسلامی ممالک فوری طور پر اسلامی کانفرنس طلب کرکے حکمت عملی وضع کریں، ورنہ عالمی سطح پر امن و امان کو خطرہ لاحق ہوگا،اجلاس میں کوئٹہ شہر میں گیس، بجلی کی لوڈشیڈنگ، قلت آب ، سیلاب متاثرین کوریلیف کی عدم فراہمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مزید سخت لائحہ عمل طے کرنے پر غور ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ ڈپٹی جنرل سیکرٹری حافظ مسعود احمد مفتی عبدالغفو مدنی مولانا محمد اشرف جان مولانا حافظ سراج الدین حاجی ولی محمد بڑیچ حاجی ظفر اللہ خان کاکڑ مفتی رحمت اللہ مولانا محمد طاہر توحیدی میر فاروق لانگو ناظم مالیات میر سرفراز شاہوا نی ایڈووکیٹ حاجی صالح محمد مولانا حافظ سردار محمد نورزئی مولانا مفتی محمد عارف شمشیر ضلعی سالار مولانا حافظ سید سعداللہ آغا مولانا مفتی ابوبکر ودیگر موجود تھے، انہوں نے کہا کہ عوام سخت سردی میں گیس پریشر اوربجلی کی لوڈشیڈنگ ومشکلات سے دوچار ہیں، عوام کی فریاد سننے والا کوئی نہیں ،حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی ۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت عوام کے حقوق کی علمبردار جماعت ہے اورحقوق کے حصول کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرےگی، اجلاس میں کوئٹہ میں گیس لیکج کے باعث جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مغفرت کی دعا کی اور حکومت سے معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ نیز اجلاس میں ضلع کوئٹہ کے حاجی میر حبیب اللہ پرکانی کی والدہ ودیگر مرحومین کیلئے مغفرت کی دعا کی گئی۔