ضلع کیماڑی میں پراسرار بیماری سے 20 افراد کی ہلاکت پر سندھ حکومت کی خاموشی مجرمانہ ہے،سردار عبد الرحیم

29 جنوری ، 2023

کراچی(نمائندہ جنگ) ضلع کیماڑی میں موت کا رقص، دو ہفتوں میں پراسرار بیماری سے اٹھارہ معصوم بچوں سمیت بیس افراد کی ہلاکت پر سندھ سرکار کی خاموشی پر جنرل سیکرٹری فنکشنل مسلم لیگ سندھ سردار عبدالرحیم نے اپنے شدید ردعمل میں کہا ہے کہ اتنے بڑے واقعہ پر ظالموں کی مجرمانہ خاموشی سمجھ سے بالا تر ہے اتنی بڑی تعداد میں ہلاکتوں پر طوفان برپا ہوجانا چاہیے تھا مگر موت کے سوداگروں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کررکھی ہے صاحب اقتدار جان لیں وہ دن دور نہیں جب عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگا اور غاصب لٹیرے حکمرانوں کو سر چھپانے کی جگہ میسر نہیں ہوگی۔ سردار عبدالرحیم نے مزید کہا کہ معصوم جانوں کے ضیاع پر سندھ حکومت اور اسکے محکموں کے سربراہان پر مقدمہ درج ہونا چاہیے۔سردار عبدالرحیم نے کہا کہ فوری طور پر حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ وفات پانے والوں کے ورثاء کو مالی امداد کا اعلان کریں۔