عمران کیخلاف غیر ملکی ایجنسیاں کارروائی کر سکتی ہیں، رانا ثنا ء اللہ

29 جنوری ، 2023

لندن(پی پی آئی) وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں کہ آپ کے خلاف کچھ غیر ملکی ایجنسیاں کار وائی کر سکتی ہیں،زرداری پر قتل کی سازش عمران خان کا مخالفین کے خلاف پروپیگنڈا ہے، ووٹ کی طاقت سے اسے سیاست سے مائنس کرینگے۔میڈیا ذرا ئع کے مطابق لندن میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جھوٹا انسان ہے جو ہمیشہ الزام تراشی سے کام لیتا ہے، زرداری صاحب پر قتل کی سازش عمران خان کا مخالفین کے خلاف پروپیگنڈا ہے، عمران خان کو متنبہ کرنا چاہتا ہوں کہ آپ کے خلاف کچھ غیر ملکی ایجنسیاں کارروائی کرسکتی ہیں، ایجنسیوں کا اندازہ ہوگا کہ اس کا الزام تو پہلے ہی عمران خان کچھ افراد پر لگا چکا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسا بیان عمران خان کی زندگی کیلئے خطرہ بن سکتا ہے، 26 نومبر کو بھی عمران خان کی جان کو پڑوسی ملک کی ایجنسی سے خطرہ تھا، عمران خان باقاعدہ مہم چلا رہے ہیں کہ پاکستان ڈی فالٹ کر جائے گا، چاہتے ہیں ووٹ کی طاقت سے عمران خان کو سیاست سے مائنس کریں۔