پنجاب یونیورسٹی ،طلباء کا پروفیسر پر حملہ ودھرنا ، تحقیقاتی کمیٹی قائم

29 جنوری ، 2023

لاہور(جنگ نیوز،نمائندہ جنگ)پنجاب یونیورسٹی میں طلباء تنظیم کے کارکنوں کی جانب سے ایک پروفیسر پر حملہ اور ہاتھا پائی ، واقعہ کی تحقیقات کیلئے 2رکنی کمیٹی بنا دی گئی ۔ جبکہ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے بھی واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے اور یونیورسٹی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کی ہے ،ترجمان پنجاب یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ طالبعلم کیمپس میں تیزی سے ہیوی بائیک چلا رہا تھا، پروفیسر ڈاکٹر منور صابر نے روکا، منع کرنے پر طالبعلم نے پروفیسر کے ساتھ ہاتھا پائی کی۔ کارروائی سے بچنے کیلئے طالبعلم اور اس کے ساتھی طلبا نے وی سی ہاؤس کے باہر دھرنا دے دیا، طلبا تنظیموں کے کارکن احتجاج کے دوران رات کو لاؤڈ اسپیکر لگا کر ڈانس کرتے رہے، روکنے پر سکیورٹی گارڈز سے بھی ہاتھا پائی کی ،وی سی ہاؤس کے باہر روڈ پر آگ بھی جلائی۔دوسری جانب طلبا کا کہنا ہے کہ اساتذہ ناروا سلوک کرتے ہیں مقدمہ درج کیا جائے۔ یونیورسٹی ترجمان کے مطابق واقعہ کی تحقیقات کیلئے 2 رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے، سینئر ترین پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال قاضی کمیٹی کے سربراہ ، ڈین ڈاکٹر محمد شفیق کمیٹی ممبرہوں گے ، کمیٹی 3 روز میں رپورٹ دے گی، جس کی روشنی میں بلاامتیاز کارروائی کریں گے۔دوسری جانب طلبا کے گروپ نے بھی ڈائریکٹر ماؤنٹین اینڈ ریسرج پرفیسر منور صابر کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پروفیسرنے طالبعلم کو پکڑ کر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بند کر کے مارا اور ہراساں کیا، پروفیسر سمیت 2 نامعلوم افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔