مریم نواز کا والہانہ استقبال، لیگی کارکن ابھی صورتحال سے مایوس نہیں

29 جنوری ، 2023

لاہور (پرویز بشیر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا لاہور ایئر پورٹ پر والہانہ استقبال سے ظاہر ہوتا ہے کہ خراب اقتصادی حالات اور ہوشربا مہنگائی کے باوجود مسلم لیگی کارکن ابھی صورتحال سے مایوس نہیں ہوا تاہم کہا جا سکتا ہے کہ خراب فضا میں مسلم لیگ (ن) نے بہت بڑا خطرہ مول لیا تھا لیکن ان کا نشانہ ٹھیک بیٹھا اور وہ شو کامیاب کرنے میں ناکام نہیں رہے۔ صوبے بھر سے ارکان اسمبلی اپنے ساتھ گاڑیو ں پر کارکنوں کو لانے میں کامیاب رہے اس بڑے شو سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسلم لیگ آئندہ انتخابات کیلئے تیار ہے یا دوسرے معنوں میں مریم نواز کے استقبال سے اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ انتخابات قریب ہیں دوسرے ان کو یقین ہے کہ تحریک انصاف اور ان کے سربراہ عمران خان ہر لحاظ سے کوئی بہتر پوزیشن میں نہیں ہیں۔ مسلم لیگ عمران خان کی گرفتاری یا نااہلی کی امید لگائے بیٹھی ہے اس بڑے شو سے تو نواز شریف کی آمد کے دورازے کھل گئے ہیں اور اگر حالات مزید تبدیل نہ ہوئے تو مریم نواز ان کو آمد کا گرین سگنل دے دینگی۔ ان کی آمد میں ایک مسئلہ آئندہ آنے والی مہنگائی ہو سکتاہے ابھی ایک دو ماہ تک بجلی، گیس اور تیل کے نرخوں میں اضافہ ہونا ہے مریم نواز نے گزشتہ روز استقبالیہ تقریب سے خطاب میں اپنا پرانا لب و لہجہ نہیں اپنایا اور قدرے محتاط رہیں اس کا مطلب ہے کہ آئندہ وہ حالات کو دیکھتے ہوئے بیانیہ اپنائیں گی ۔ انہوں نے مہنگائی کا ذکر کیا تاہم اس حوالے سے کارکنوں سے کوئی مہنگائی کم کرنے کا کوئی ٹھوس وعدہ نہیں کیا بہرحال گزشتہ روز کے شو نے مسلم لیگوں کی امیدوں کو جگا دیا ہے اور اس شو سے کچھ حلقوں کو یہ پیغام بھی ملا ہے کہ عمران خان کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے کہا جا سکتا ہے کہ مریم نواز نے کرائوڈ پلیئرکا اعزاز برقرار رکھا۔