عمران الزام، بھٹو خاندان کیلئے خطرات، ماضی میں دہشت گردوں نے مجھے اور پارٹی کو دھمکیاں دیں، الزامات سنجیدہ، عدالت جارہے ہیں، بلاول

29 جنوری ، 2023

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی،نیوزرپورٹر،وقائع نگار،خصوصی،ایجنسیاں) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے ہم عمران خان کے الزامات کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں، عمران خان کے بیانات نے میرے والد اور فیملی کیلئے خطرات بڑھا دیئے ہیں، اگر والد ، پارٹی یا مجھ پر حملہ ہوا تو اُس کا حساب لیا جائیگا، ماضی میں دہشتگردوں نے مجھے اور پارٹی کو دھمکیاں دیں، الزامات سنجیدہ عدالت جارہے ہیں،جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نےکہاہے کہ عمران نیازی نے آصف زرداری پر بے بنیاد اور خطرناک الزامات لگائے، قوم پی ٹی آئی چیئرمین کی نفرت پر مبنی سیاست سے واقف ہے،پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنمائوں قمر زمان کائرہ، نیئر بخاری اور فرحت بابرنے کہا پیپلزپارٹی پر دہشتگرد تنظیموں کو پیسے دینے کا الزام گھنائونا، عمران کا اقتدار سے محروم ہونے کے بعد دماغ ختم ہوگیا، وہ خود دہشتگردوں کی پشت پناہی کرتے رہے ہیں، عمران نے ہمیشہ ناکامی اور مایوسی کے دورمیں اداروں کونتقید کا نشانہ بنایا ، آج لیگل نوٹس بھیج رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری کیخلاف عمران نیازی کے بے بنیاد اور خطرناک الزامات غیر ذمہ دارانہ ہیں۔ ایسی بے ہودہ بیان بازی سیاسی طور پر منسلک رہنے کی کوشش ہے، مخالفین کیخلاف سازشیں، الزام تراشی اور زہر اگلنا عمران کا وتیرہ ہے، قوم عمران نیازی کی نفرت پر مبنی سیاست سے واقف ہے۔عمران نیازی نے اقتدار کی خاطر معاشرے کو تقسیم کیا ہے ۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پوری قوم جانتی ہے کہ اس نے اقتدار کی خاطر کس طرح نفرت کی سیاست کا سہارا لیا۔ادھر پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے عمران خان کے زرداری سے متعلق بیان کے بعد اگر والد ، پارٹی یا مجھ پر حملہ ہوا تو اُس کا حساب لیا جائیگا۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر بلاول بھٹو نے لکھا کہ دہشتگرد تنظیموں کی جانب سے میرا اور میری پارٹی کا نام لے کر براہ راست دھمکیاں دئیے جانے کے بعد عمران خان اب میرے والد سابق صدر آصف زرداری پر غلط الزامات عائد کررہا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ عمران خان کے بیانات نے میرے والد، میری فیملی اور میرے متعلقین کیلئے خطرات بڑھادئیے ہیں، ہم اپنے خاندان کی تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے عمران خان کے الزامات کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں اور عمران خان کے حالیہ توہین آمیز اور خطرناک الزامات کے حوالے سے قانونی پہلوؤں کو بھی دیکھ رہے ہیں۔ عمران خان ان الزامات سے قبل میرے والد کو بندوق کی نوک پر رکھنے کی دھمکی بھی دے چکا ہے، عمران خان اور اس کے حواریوں کی دہشتگردوں کی سہولت کاری اور ہمدردی کے حوالے سے دستاویزات تاریخ کا حصہ ہیں، عمران خان جب حکومت میں تھا تو دہشتگردوں کو رہا اور جمہوریت پسندوں کوگرفتار کیا۔اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خیبرپختونخوا کو دہشتگردتنظیموں کے حوالے کیا، آج تک اسکی پارٹی دہشتگرد گروہوں کی فنڈنگ کرتی ہے، عمران خان کو سمجھنا چاہیے کہ ہر مرتبہ اسکی بیوی کو خواب آنے پر وہ ٹی وی پر آکر لوگوں سے متعلق الزامات عائد نہیں کرسکتا، عمران خان کی اہلیہ کے خواب عدالتوں میں ثابت نہیں کئے جاسکتے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کا حالیہ الزام یہ ہے کہ میرے خاندان کی کسی دہشتگرد تنظیم سے کوئی ناطہ ہے یا ہم کسی کو بھرتی کرکے عمران خان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریں گے، عمران خان کا الزام نہ صرف غیرمنطقی ہے بلکہ اس الزام نے ہم سب کیلئے خطرات کو بڑھادئیے، پیپلزپارٹی عمران خان کے الزامات کو چیلنج کریگی، ہم مقبول بیانیے کے افسانے کو قوم پر حاوی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور دہشتگردوں کے سیاسی فرنٹ مین کے پروپیگنڈے کا چارہ بننا بھی برداشت نہیں کرینگے۔ دریں اثنا عمران خان کی طرف سے آصف زرداری پر قتل کرانے کے الزام پرپیپلز پارٹی نے عمران خان کو لیگل نوٹس بھیجنے کا اعلان کر دیا۔ ہفتہ کو پیپلز پارٹی کے رہنمائوں قمر زمان کائرہ، پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل نیئر بخاری اور فرحت بابر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے آصف زرداری پر قاتلانہ حملہ کی سازش کے جھوٹے الزامات لگائے ہیں ان کیخلاف قانونی کارروائی کرینگے، اگر عمران خان نے اپنے الزامات واپس نہ لئے تو ان کیخلاف قانونی جنگ شروع کرینگے، عمران خان نے خود کو سیاست میں رکھنے کیلئے ایسے عجیب و غریب الزامات لگائے اور دعوے کئے ہیں تاہم اس بار پی ٹی آئی کے سربراہ نے سنگین الزامات لگائے ہیں جن کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آصف زرداری پر عمران خان کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کا نوٹس لے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ ناکامی اور مایوسی کے دورمیں اداروں کونتقید کا نشانہ بنایا ہے، سپریم کورٹ ان الزامات کی تحقیقات کرے اور الزامات جھوٹے ثابت ہونے پر عمران خان کیخلاف مناسب کارروائی کرے۔نیئربخاری نے کہا کہ عمران خان کو قانونی نوٹس بھیجیں گے، عمران خان کے تمام الزامات بے بنیاد ہیں،فرحت بابر نے کہا کہ عمران خان کا اقتدار سے محروم ہونے کے بعد دماغ ختم ہوگیا ہےعمران خان خود دہشتگردوں کی پشت پناہی کرتے رہے ہیں ،خود طالبان خان ہیں، خورشید شاہ نے کہا ہے کہ الزام تراشی اور پھر الزام تراشی پر معافی صادق اور امین رہنما کا وطیرہ ہے، آصف علی زرداری پر قتل جیسے سنگین الزام پر ہم چُپ نہیں بیٹھیں گے۔