مریم کی ساڑھے 3 ماہ بعد وطن واپسی، بدھ سے پنجاب بھر کے دوروں کا اعلان، اپنی حکومت توڑنے والا اب رو رہا ہے، سینئر نائب صدر ن لیگ

29 جنوری ، 2023

لاہور(خصوصی نمائندہ،مانیٹرنگ سیل)مسلم لیگ(ن)کی سینئرنائب صدرمریم نوازکی ساڑھے3ماہ بعدوطن واپسی ،بدھ سےپنجاب بھرمیں دوروں کااعلان کردیا،خطاب میں کہاکہ اپنی حکومت توڑنےوالااب رورہاہے، نواز شریف کی 9 سالہ کارکردگی نکال دیں تو پاکستان میں کھنڈرات کے سوا کچھ نہیں ملے گا،8ماہ کابعدمیں پہلے پچھلے 4سال کا احتساب ہو گا،اسحاق ڈارپریقین رکھیںمعیشت بہترہوگی،ن لیگ پہاڑ ہے گرنے والا پتھر ہوگا، کسی کی سزا پر خوش نہیں، عمران خان کے ساتھ جو ہوگا مکافات عمل ہوگا،قائد(ن)لیگ کیخلاف سازشیں کرنیوالےانجام کوپہنچ گئے،لندن میںساڑنے3ماہ قیام کےبعدوطن واپس آنے کے بعد لاہورایئرپورٹ پرجلسے سے خطاب میں مریم نوازنےاستقبال کیلئےآنیوالےکارکنوں کاشکریہ اداکیا،انہوں نےکہا کہ نواز شریف نے مجھے کہا لاہور پہنچ کر سب کو میرا پیار بھرا سلام کہنا ، آپ کو خوشخبری سنا دوں نواز شریف بہت جلد آپ کے درمیان موجود ہو گا، نواز شریف 3 دفعہ حکومت میں آئے لیکن انہوں نے حکومت سے نکال دیا، دو دفعہ ملک سے نکال دیا لیکن آج بھی نواز شریف اس ملک کا سب سے بڑا لیڈر ہے۔مریم نواز نے کہا کہ مجھے جو نئی ذمہ داری ملی ہے، اس کے بارے میں کارکنوں، عوام اور پارٹی سے وعدہ کرتی ہوں کہ ایک دن بھی آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔جولائی 2017 میں ترقی کرتے ہوئے پاکستان میں نواز شریف کو ایک اقامے پر نکال دیا، وہ قومی سانحہ تھا، 28 جولائی 2017 پاکستان کا بہت بڑا سانحہ تھا، وہ دن ہے اور آج کا دن ہے پاکستان سنبھل نہیں رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جب تک قوم کو مشکل سے نہیں نکالیں گے، اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔ نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے سارے کردار اپنے اپنے انجام کو پہنچے ہیں، نواز شریف، مریم نواز، شہباز شریف نے ان سے انتقام نہیں لیا لیکن اللہ کے حساب اور کتاب کا نشانہ بنے ہو،مجھے احساس ہے، نواز شریف کو احساس ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے، بجلی، گیس اور روٹی مہنگی ہے لیکن قوم سے وعدہ ہے کہ نواز شریف ہی تھا جس نے قوم کو مشکل سے نکالا اور تین دفعہ ملک کو ترقی پر ڈالا تو امید رکھنا ترقی کرتا پاکستان بہت جلد واپس آئے گا، نواز شریف کو محض ایک اقامے پر باہر کر دیا ہے، جس کی 9 سال کی کارکردگی کو اگر پاکستان کی 75 سالہ ترقی سے باہر نکال دو تو پاکستان میں کھنڈرات کے علاوہ کچھ نہیں بچتا۔ سمجھ نہیں آتا کہ نواز شریف کو نااہلی یا اہلیت کی سزا ملی، وہ دن دور نہیں جب نواز شریف کی قیادت میں یہ ملک ایک بار پھر آگے بڑھے گا۔عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی حکومت بھی خود توڑدی اور روبھی خود رہا ہے، عمران خان رونے کی تیاری کرلو، اب باقی زندگی رونا پڑے گا، میرے شیر الیکشن سے نہیں ڈرتے، الیکشن جب بھی ہو گا مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے جیتے گی۔ آج اس شخص کو مہنگائی کا خیال آرہا ہے جو اپنے دور میں فرعونیت سے کہتا تھا کہ مہنگائی کا تو مجھے ٹی وی سے پتا چلا ہے، پرچیاں پڑھ پڑھ کر چیزوں کی قیمتیں بتاتا تھا۔ 8ماہ کا حساب بعد میں ہوگا پہلے پچھلے 5 سال کا حساب ہوگا، 4 سال کی نااہلی اور نالائقی اور غفلت نے معیشت کو آج جس حالت میں پہنچایا ہے، کچھ وقت لگے گا، اسحاق ڈار پر اعتماد کرو ان شااللہ معیشت کو اس گرداب سے نکالیں گے، مسلم لیگ(ن) کو طعنے دینے والو سن لو، ابھی چند دن پہلے اپنی حکومت بھی خود توڑی اور رو بھی خود رہا ہے، چند دن پہلے تک پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ان کی حکومت تھی، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں آج بھی ان کی حکومت ہے اور الزام مسلم لیگ(ن) کو دیتا ہے لیکن لوگ بے وقوف نہیں ہیں۔ جن حکومتوں کے بل بوتے پر یہ اپنا خرچہ چلاتا تھا، ہیلی کاپٹر میں پھرتا تھا اور سکیورٹی استعمال کرتا تھا لیکن آج رو رہا ہے۔ ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے، پنجاب میں الیکشن جس دن بھی ہوں گے مسلم لیگ(ن) بھاری اکثریت سے جیتے گی، مریم نواز نے اپنی سرجری کے حوالے سے بتایا کہ میرا گلہ خراب ابھی سرجری کو زیادہ دن نہیں ہوئے ہیں، میری سرجری تین گھنٹے میں ہوئی اور ڈاکٹر نے بتایا بال بال بچی ہو اور کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔ ان کو پچھلے 5 سال سے پتا تھا کہ میری سرجری ہونے والی ہے اور وہ سرجری دنیا کے دو ممالک میں ہوتی ہے لیکن انہوں نے مجھے پاسپورٹ نہیں دیا اور اللہ کا شکر ہے میں نے ان سے پاسپورٹ نہیں مانگا۔ اللہ کا شکر ہے ظلم اور جبر کے باوجود ان کے آگے جھکنے نہیں دیا اور آج ظلم اور انتقام کا نشانہ بنانے والوں کو کہتی ہوں ذرا حوصلہ کرو، ٹی وی اسکرین پر ان کو روتے دیکھتی ہوں تو ان پر ترس آتا ہے لیکن حوصلہ کرو۔مریم نواز نے کہا کہ اب میں یکم فروری سے پنجاب کے تمام اضلاع میں جاؤں گی اور اس کا شیڈول بن گیا ہے،خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز لندن میں تقریباً 4ماہ قیام کے بعدگزشتہ روز( ہفتہ) کو واپس پاکستان پہنچیں۔وطن واپس پہنچنے کے بعد مریم نواز نے ٹویٹ کیا’’ پاک سر زمین شاد باد‘‘۔مریم نواز گزشتہ سال اکتوبر میں اپنا پاسپورٹ واپس ملنے کے ایک روز بعد پاکستان سے لندن روانہ ہوئی تھیں۔