نگران حکومتیں نئے ایوانوں کے قیام تک عہدے پر برقرار رہ سکتی ہیں، اعظم نذیر تارڑ

29 جنوری ، 2023

اسلام آباد (صالح ظافر) وفاقی وزیر قانون و پارلیمانی امور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ نگران حکومتیں آنے والی اسمبلیوں کیلئے پولنگ اور نئے ایوانوں کے قیام تک اپنے عہدے پر برقرار رہ سکتی ہیں۔ دی نیوز سے مختصر بات چیت میں انہوں نے کہا کہ آئین نے اسے لازمی قرار دیا ہے کہ تحلیل شدہ صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات تحلیل ہونے کے نوے دن کے اندر کرائے جائیں گے۔ سینیٹر اعظم تارڑ نے یاد دلایا کہ ملک نے ماضی میں کم از کم دو مواقع دیکھے ہیں جب سے 1973 کا آئین نافذ کیا گیا کہ نگراں حکومتوں کو غیر معمولی حالات کے نتیجے میں آئینی طور پر مقررہ مدت سے آگے رہنا پڑا اور کسی بھی عدالت نے اس وقت کی انتظامیہ کی مدت میں توسیع پر اختلاف نہیں کیا۔ حکومت متعلقہ معاملات میں آئین کی اسکیم پر عمل کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس کا آئین کے خلاف کام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔