ہتک عزت کیس، عمران خان اور خواجہ آصف کے وکلا پر جرمانہ

29 جنوری ، 2023

اسلام آباد(جنگ رپورٹر) ایڈیشنل اینڈ سیشن جج اسلام آباد کی عدالت نے پی ٹی آئی کے سربراہ ،عمران خان کی جانب سے وزیر دفاع خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانہ کے کیس میں التوا ء مانگنے پر درخواست گزار و مسول الیہ (دونوں فریقین) پرمبلغ 10,10 ہزار روپے ہرجانہ عائد کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 11 فروری تک ملتوی کردی ہے،فاضل عدالت نے ہفتہ کے روز کیس کی سماعت کی تو مسول الیہ خواجہ آصف کے وکیل حیدر رسول کی جانب سے ان کے ایسوسی ایٹ وکیل نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ خواجہ آصف کے وکیل کی بھتیجی کی شادی ہے لہذا آج کی سماعت ملتوی کی جائے ،دوسری جانب درخواست گزار عمران خان بھی وڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش نہ ہوئے اور ان کے وکلاء نے بھی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا ء کی مخالفت نہ کی ،جس پر فاضل جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا 11 سال سے کیس چل رہا ہے، آج جرح کے موقع پرایک بار پھر التواء کی درخواست دائر کردی گئی ہے ، عدالت نے عمران خان اور خواجہ آصف پر دس، دس ہزار روپے ہرجانہ عائد کرتے ہوئے ان کے وکلا ء کو کہا کہ اگر کسی کو اس فیصلے پر اعتراض ہے تو وہ اس حکمنامہ چیلنج کر دے ،کیس کی مزید سماعت 11 فروری کو ہوگی ۔