ویلڈن‘ وزیراعظم کا گرین لائن ٹرین کی سہولت پر خواجہ سعد رفیق کیلئے ٹویٹ

29 جنوری ، 2023

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے سہولیات سے آراستہ گرین لائن ٹرین کی سہولت پر وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کا کام حقیقی معنوں میں لوگوں کی خدمت کرنا اور ان کی زندگیوں کو آسان بنانا ہے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے گرین لائن ٹرین سہولت کے آغاز پر خواجہ سعد رفیق کو مبارک باد دی اور انہیں ویلڈن کہا۔ ٹویٹ میں وزیراعظم نے گرین لائن ٹرین میں سفر کرنے والے مسافروں کے تاثرات پر مبنی ویڈیو کلپ بھی شیئر کیا ہے۔ گرین لائن میں سفر کرنے والی ایک خاتون مسافر نے کہا کہ پہلی مرتبہ اس ٹرین میں سفر کر رہے ہیں اور صفائی کے انتظامات اور دیگر سہولیات کو دیکھ کر انتہائی مسرت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ توقع سے زیادہ سہولیات فراہم کی گئی ہیں جس پر ہم پاکستان ریلوے کے شکر گزار ہیں۔ ٹرین میں سفر کرنے والے ایک اور مسافر نے کہا کہ گرین لائن میں سفر ایک اچھا احساس ہے۔ ایک اور خاتون مسافر نے ٹرین کی سہولیات کے ساتھ ساتھ عملے کی بھی تعریف کی۔ ایک نوجوان مسافر نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب تک جتنے بھی ٹرین میں سفر کئے ہیں ان میں سے گرین لائن ٹرین کا سفر سب سے بہترین سفر ہے۔ ایک اور خاتون مسافر نے گرین لائن ٹرین اور اس میں فراہم کردہ سہولیات کی تعریف کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ بچی نے شکریہ سعد انکل کہہ کر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی تعریف کی۔ اپنے ایک اور ٹویٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم کی دعاؤں سے بیٹی مریم نواز صحت مند ہوکر وطن واپس تشریف لائی ہیں۔ جس طرح انہوں نے ہمیشہ بہادری اور جرات کے ساتھ قائد مسلم لیگ (ن) کے نظریات، اصولوں اور حق گوئی کا پرچم سربلند کیا، اب اسی جذبے اور تندہی سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔