دستوروقانون آج کے فرعونوں کے محکوم،فوادکے آئینی حقوق کوتحفظ دیاجائے،عمران

29 جنوری ، 2023

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)تحریک انصاف کے سربراہ ،عمران خان نے کہا ہے کہ فواد چوہدری کوہتھکڑیوں میں جکڑ کر اور سر/چہرہ ڈھانپ کر ایک دہشتگردکی طرح عدالت میں پیش کیاجارہاہے، اس سے ظاہرہوتاہے کہ امپورٹڈحکومت اور ریاست گراوٹ کی کِن گہرائیوںمیں اترچکے ہیں،اپنے ٹویٹ میں انہوں نےکہا کہ فواد چودھری،اعظم سواتی اور اس سے قبل شہباز گِل سے روا رکھے جانیوالے سلوک کے بعد لوگوں کے ذہنوں میں کوئی ابہام باقی نہیں کہ ہم اب ایک بنانا ر یپبلک بن چکے ہیں،اب تو جنگل کا قانون رائج ہے جہاں جس کی لاٹھی اسکی بھینس کا اصول کارفرما ہے،دستور و قانون پوری طرح آج کے فرعونوں کے محکوم ہیں۔علاوہ ازیں عمران خان نے چیف جسٹس کے نام خط لکھ دیا، خط میں دوران حراست سینئر نائب صدر پی ٹی آئی فواد چودھری کے آئینی حقوق کے تحفظ کی اپیل کی گئی ہے۔ خط میں سینیٹر اعظم سواتی اور ڈاکٹر شہباز گل سے دوران حراست پیش آنے والے پرتشدد اور غیرانسانی سلوک کا حوالہ بھی دیا۔پی ٹی آئی چیئرمین نے خط میں لکھا کہ زیر حراست افراد پر تشدد یا عزت و وقار کیخلاف اقدامات آئین کے آرٹیکل اے 9 ، اے 10 اور 14 کی خلاف ورزی ہیں۔دوسری جانب فواد چوہدری کے بھائی فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے بھی چیف جسٹس کے نام ایک خط لکھ کر ان سے اس معاملہ میں مداخلت (از خود نوٹس) کی استدعا کی ہے ، فیصل چوہدری نے لکھا ہے کہ فواد چوہدری ایک وکیل ہیں جنہیں لاہور میں ان کی رہائش گا ہ سے اس طرح اٹھا یا گیا ہے جیسے کوئی دہشتگرد ہوتا ، ان کی گرفتاری کا معاملہ لاہور ہائی کورٹ کے سامنے رکھا گیا تو عدالت کی متعدد ہدایات کے باوجود ریاست کے طاقتور اداکروں نے انہیں عدالت کے سامنے پیش کرنے کی بجائے لاہور سے اسلام آباد منتقل کروادیا ،مختلف وکلاء تنظیموں نے فواد چوہدری کو ہتھکڑیاں لگانے ، اور ان کا چہرہ ڈھانپنے کے اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا ہے ،فیصل چوہدری نے مزید لکھا ہے کہ اس خط کے ساتھ میں نے فواد چوہدری کی جانب سے ہاتھ سے لکھی ہوئی ایک اپیل بھی لف کی ہے ،اس کا جائزہ لیکر آئین و قانون کی بالا دستی کیلئے از خود نوٹس لیا جائے ۔