نئے ٹریڈ افسران کی تعیناتیوں کیلئے وزیر اعظم کی قائم کردہ کمیٹی کی سفارشات تیار

29 جنوری ، 2023

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر )بیرون ملک درجنوں نئے ٹریڈ افسران کی تعیناتیوں کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی نے سفارشات تیار کرلی ہیں,ٹریڈ افسران کی تعیناتیوں میں سمندر پار پاکستانیوں کا کوٹہ 20 سے کم کرکے10 فیصد جبکہ کامرس اینڈ ٹریڈ کے سوا باقی گروپس کے افسران کی تعیناتی محدود کرنیکی سفارش کی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق بیرون ملک نئے ٹریڈ آفسران کی تعیناتیوں کے حوالے سے وزیر اعظم کی جانب سے قائم کردہ سابق پرنسپل سیکرٹری ناصر کھوسہ کی سربراہی میں8رکنی کمیٹی نے سفارشات تیار کرلیں،ذرائع کے مطابق کمیٹی نے ٹریڈ آفسران کی تعیناتیوں میں سمندر پار پاکستانیوں کا کوٹہ 20 سے کم کرکے 10فیصد جبکہ کامرس اینڈ ٹریڈ کے سوا باقی گروپس کے افسران کی تعیناتی محدود کرنیکی سفارش کی ہے-کمیٹی نے گریڈ18 میں کامرس اینڈ ٹریڈ گروپ کیلئے60 فیصد-گریڈ 19 میں کامرس اینڈ ٹریڈ گروپ کیلئے50 فیصد اورگریڈ 20 میں کامرس اینڈ ٹریڈ گروپ کیلئے40 فیصد کوٹہ مختص کرنیکی سفارش کی ہے-ذراہع کے مطابق امیدواروں کے تحریری و دیگر ٹیسٹ کیلئے سیلبس کی ذمہ داری وزارت تجارت کو دینے کی سفارش کی گئی ہے -کمیٹی اپنی سفارشات جلد منظوری کیلئے وزیر اعظم کو پیش کرے گی اور وزیر اعظم کی منظوری کے بعد نئے ٹریڈ آفسران کی تعیناتی کا عمل شروع کیا جائیگا۔وزیر اعظم نےموجودہ اور مجوزہ پالیسی کا موازنہ-بیرون ملک ٹریڈ آفسران کی تعیناتیوں کے طریقہ کار-امیدواروں کے تحریری اور دیگر ٹیسٹ سے متعلق جائزہ لینے کیلئے کمیٹی کو سفارشات تیار کرنے کا ٹاسک دیا تھا-ذرائع کے مطابق کمیٹی میں سیکریٹری خزانہ،سیکریٹری تجارت،سیکریٹری اقتصادی امور اور سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو شامل کیا گیا جبکہ ڈی جی آر اینڈ اے ایف بی آر شکیل شاہ،سابق وفاقی سیکریٹریز اسد حیاالدین اور شاہد اشرف تارڑ کو کمیٹی میں شامل کیا گیا،ذرائع کے مطابق وزیر اعظم پہلے ہی موجودہ ٹریڈ آفسران کی تعیناتی کی مدت میں6ماہ توسیع کی منظوری دے چکے ہیں۔