عمران خان مناظرے کا چیلنج قبول نہیں کرینگے،تجزیہ کار

29 جنوری ، 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان مبشر ہاشمی کے پہلے سوال کیا عمران خان اسحاق ڈار کے مناظرے کا چیلنج قبول کریں گے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ عمران خان اسحاق ڈار کے مناظرے کا چیلنج قبول نہیں کریں گے، اسحاق ڈار کو عمران خا ن سے نہیں مفتاح اسماعیل سے مناظرہ کرنا چاہئے۔مظہر عباس نے کہا کہ عمران خان کیوں اسحاق ڈار کے مناظرے کا چیلنج قبول کریں، اسحاق ڈار کو مناظرے کا چیلنج عمران خان کو نہیں مفتاح اسماعیل کو دینا چاہئے، اسحاق ڈار کو بتانا چاہئے تھا مفتاح اسماعیل کا ہٹایا جانا درست تھا یا نہیں تھا، اسحاق ڈار لائے گئے تو عمران خان پر نہیں مفتاح اسماعیل پر تنقید کرتے تھے، اسحاق ڈار کو وزیرخزانہ بنائے گئے تو ڈالر 200روپے پرلانے کا وعدہ کیا تھا مگر آج ڈالر 266روپے کا ہے، اسحاق ڈار کو عمران خان کو مناظرے کا چیلنج دینے کے بجائے اپنے دعوؤں کی ناکامی پر بات کرنا چاہئے تھی۔ حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنی حکومت کے جو اعداد و شمار بیان کیے تھے اسحاق ڈار نے کل خطاب اس کے جواب میں کیا تھا، مفتاح اسماعیل نے بہت نامساعد حالا ت میں معیشت کیلئے جنگ لڑی، اسحاق ڈار نے عمران خان کو بہترین جواب دیا ہے، عمران خان اسحاق ڈار کے مناظرے کا چیلنج قبول نہیں کریں گے۔ارشاد بھٹی نے کہا کہ ن لیگ والے قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگاتے ہیں کہ چلتا پاکستان عمران خان کے حوالے کیا تھا، انہیں بتانا ہے جمہوریت آنے سے پہلے ملک میں چھ ہزار ارب جو آج پچاس ہزار ارب ڈالرز پر پہنچ گیا تھا، مشرف دور میں ڈالر 60روپے اور زرمبادلہ کے ذخائر 20ارب ڈالرز تھے، اسحاق ڈار نے وزیرخزانہ بننے سے پہلے اپنی ہی پارٹی کے وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کا جینا حرام کیا ہوا تھا، اسحاق ڈار کو عمران خا ن سے نہیں مفتاح اسماعیل سے مناظرہ کرنا چاہئے۔بینظیر شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خود کو قتل کروانے کی سازش میں آصف زرداری کے ملوث ہونے کا بیان دے کر سیاست میں ریڈلائن کراس کردی ہے، پیپلز پارٹی کو عمران خان کے خلاف عدالت میں جانا چاہئے، عمران خان کا آصف زرداری کیخلاف بیان سیاسی بیانیہ بنانے کیلئے ہے، پالیسی معاملات پر سیاسی قیادت کے مناظرے ضروری ہیں، عمران خان کو اسحاق ڈار کا مناظرے کا چیلنج قبول کرنا چاہئے۔دوسرے سوال انتخابات میں تاخیر سے پی ڈی ایم کو فائدہ ہوگا یا نقصان؟ کا جواب دیتے ہوئے حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ انتخابات میں تاخیر سے پی ڈی ایم کو فائدہوگا یا نقصان اس بارے میں سردست کچھ کہنا مشکل ہے، پی ٹی آئی نے اسٹیبلشمنٹ کیخلاف دوبارہ مہم شروع کردی ہے لگتا ہے انہیں یقین ہے انتخابات نہیں ہورہے۔ مظہر عباس کا کہنا تھا کہ عمران خان کے آصف زرداری پر الزامات بہت سیریس ایشو ہے، عمران خان کے پاس اس بارے میں ثبوت ہیں تو ضرور سامنے لائیں، الیکشن 90روز میں نہیں ہوئے تو جنرل ضیاء الحق کی ڈالی گئی روایت کی پیروی کی جائے گی۔ بینظیر شاہ نے کہا کہ پی ڈی ایم سمجھتی ہے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن آگے ہونے سے انہیں فائدہ پہنچے گا، ن لیگ کا خیال ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام بحال ہونے سے معیشت میں ریلیف مل جائے گی اور نواز شریف بھی واپس آجا ئیں گے۔