ملٹن کینز میں کتے کے حملے میں چار سالہ لڑکی ہلاک

02 فروری ، 2023

لندن (پی اے) ملٹن کینز میں ایک چار سالہ بچی کتے کے حملے میں ہلاک ہو گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ منگل کو مقامی وقت 17:00جی ایم ٹی کے فوری بعد ایمبولینس سروس نے پولیس کو فون کیا کہ بکنگھم شائر سٹی کے نیدرفیلڈ ایریا میں براڈ لینڈز میں ایک پراپرٹی کے عقبی باغ میں کتے نے ایک بچی پر حملہ کیا ہے۔ تھوڑی دیر بعد یہ تصدیق ہو گئی کہ پراپرٹی میں ایک بچی ہلاک ہو گئی، تاہم اس واقعے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور کتے کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے اس کو افسوس ناک واقعہ قرار دیا ہے۔ ٹیمز ویلی پولیس کے سپرنٹنڈنٹ میٹ بلیونٹ کا کہنا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ اس واقعے کے کمیونٹی اور عوام پر کتنے گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ شام اور اس کے بعد بھی جب تک ہماری انویسٹی گیشن جاری ہے، میں لوگوں کو یقین دہانی کروانا چاہتا ہوں کہ اس بات پر یقین کرنے کی کوئی وجہ نہیں کہ اس واقعے سے عوام کو کوئی خطرہ لاحق ہے۔ اگر کسی کو کوئی بھی تشویش ہے تو وہ بلا جھجھک ہمارے افسران سے رابطہ کرے اور سوالات پوچھے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ میں عوام سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس واقعے کے حوالے سے حالات کے بارے میں قیاس آرائی نہ کریں، خاص طور پر ناقابل یقین حد تک اس المناک وقت میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمزپر قیاس آرائیاں کرنے سے گریز کریں۔ پولیس فورس نے کہا کہ اس واقعے میں کسی اور کو نقصان نہیں پہنچا۔ بچی کی فیملی کو پولیس آفیسرز کی جانب سے سپورٹ فراہم کی جا رہی ہے۔ اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل ڈینس مرے نے ٹویٹر پر لکھا کہ ملٹن کینز میں یہ خوفناک خبر ہے کہ شام کو چار سالہ بچی کتے کے حملے میں ہلاک ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ براہ کرم اس انتہائی المناک وقت میں متاثرہ فیملی کی پرائیویسی کا احترام کریں۔ فورس نے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس اس واقعے کے حوالے سے معلومات ہیں تو وہ واقعہ نمبر 20230131-1546 کا حوالہ دیتے ہوئے 101 پر کال کرنے یا کرائم سٹاپرز کو 0800 555 111 پر فوری طور پر کال کرے۔