عمران کی جانب سے سرکاری ہیلی کاپٹر کااستعمال،ایڈووکیٹ جنرل سے جواب طلب

02 فروری ، 2023

پشاور(نمائندہ جنگ) پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس روح الامین اور جسٹس ابراہیم خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے والے افراد کو قانونی تحفظ دینے سے متعلق دائر رٹ پر ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختون خوا سے جواب طلب کرلیا ۔ رٹ پٹیشن میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی سردار یوسف نے موقف اختیار کیا ہے کہ صوبائی حکومت نے حال ہی میں قانون سازی کی ہے جس میں2008سے سرکار ی ہیلی کاپٹر استعمال کرنے والے غیر متعلقہ افراد کو بھی قانونی تحفظ دیا گیا ہے رٹ میں انہوں نے عدالت استدعا کی ہے کہ جو قانون پاس کیا گیا ہے وہ بنیادی حقوق کے خلاف ہے کیونکہ سرکاری ہیلی کاپٹر کسی بھی غیر متعلقہ فرد کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے ۔ یہ قانون سازی تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کو بچانے کے لیے کی گئی ، عمران خان نے پختونخوا حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر بے دریغ استعمال کیا ہے ۔ طارق آفریدی نے عدالت سے استدعا کی کہ جو قانون پاس کیا گیا ہے اسے کالعدم قرار دیا جائے اور ان افراد سے ریکوری کی جائے جن کو ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی اجازت نہیں تھی ۔ فاضل بنچ نے ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا اور متعلقہ فریقین کو ہدایت کی کہ وہ اس قانون سے متعلق اپنا جواب عدالت میں جمع کریں۔ عدالت نے مزید سماعت ملتوی کردی ۔