اسلام آباد( کامرس رپورٹر ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات کی نئی سرمایہ کاری کی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس ضمن میں حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔دونوں رہنمائوں نے اقتصادی شعبے میں تعلقات کو مزید فروغ دینےاوردیگر معاملات کا جائزہ لیا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات توانائی، ریفائنری، پٹرولیم و تجارت سمیت مختلف شعبوں میں قریبی تعاون کر رہے ہیں تاہم اس کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی وسیع استعداد موجود ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے متعدد شعبوں کا حوالہ دیا جہاں دونوں ممالک تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ یو اے ای کے سفیر نے کہا کہ یو اے ای کی حکومت موجودہ حکومت کی جانب سے ترقی اور نمو پر مبنی پالیسیوں سے بخوبی آگاہ ہے۔متحدہ عرب امارات پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں اضافے کا خواہشمند ہے۔ ملاقات میں وزیراعظم کے دورہ متحدہ عرب امارات اور وہاں پر یو اے ای کی قیادت کے ساتھ کئے جانے والے فیصلوں کے بروقت نفاذ کا بھی جائزہ لیا۔ وزیر خزانہ نے یو اے ای کی قیادت اور سفیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔دریں اثنااسحاق ڈار نے آٹھویں پاک ازبک مشترکہ وزارتی کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی،جس میں ازبکستان میں مجوزہ پاکستان ازبکستان مشترکہ وزارتی کانفرنس کے پلان پر غور کیا گیا۔وزیر خزانہ پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے اور کانفرنس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ کانفرنس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارت، معیشت، ریلوے، سرمایہ کاری، زراعت، سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنا ہے۔ ٹرانس افغانستان ریل اینڈ روڈ پروجیکٹ، تجارتی حجم کو ایک ارب ڈالرتک بڑھانا، دونوں ممالک کے درمیان بینکنگ اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں تعاون اور برآمدات/درآمدات میں سہولیات کی فراہمی کانفرنس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔