وزیر اعلیٰ بزنجو کا شہباز شریف کو خط، سبی میلے میں شرکت کی دعوت

02 فروری ، 2023

کوئٹہ(خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی جانب سے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کو ارسال کیے گئے ایک مراسلے میں انہیں 25 فروری سے شروع ہونے والا تاریخی سبی میلہ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سبی کا یہ تاریخی میلہ صوبے کا ایک بہت بڑا ایونٹ ہے 25 فروری تا 28 فروری تک ہونے والے اس میلے میں قبائلی عمائدین سمیت عام عوام کی کثیر تعداد شرکت کرتی ہے اور یہ میلہ صوبے کے مالداروں کو ان کی مویشیوں کی منڈی تک رسائی کا نادر موقع فراہم کرتا ہے یہ میلہ انگریزوں کے دور سے تواتر سے قائم ہوتا ہوا آرہا ہے اور تاریخی طور پر اسے دربار کے نام سے شہرت حاصل ہوئی 1948 کو بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح خود سبی کے اس تاریخی دربار میں تشریف لائے اور دربار سے خطاب کیا وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ میلے کے دوران صنعتی اور زرعی نمائش کے انعقاد نے زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی دلچسپی کو اپنی طرف متوجہ کیا وزیر اعلیٰ نے مراسلے میں وزیراعظم پاکستان کو میلے کے ہارس اینڈ کیٹل شو اور زرعی اور صنعتی نمائش کے بطور مہمان خصوصی افتتاح کرنے کی دعوت دی ہے اور اس امر کا اظہار کیا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کی آمد سے وزیراعلیٰ تہہ دل سے ان کے مشکور اور ممنون ہوں گے۔