اوائل عمری میں بچوں کی سپورٹ اب پہلے سے بہت زیادہ ضروری ہوگئی ہے، پرنسز آف ویلز

02 فروری ، 2023

لندن (پی اے) پرنسز آف ویلز نے شیپنگ اس کمپین کے آغاز کے وقت کہا ہے کہ اوائل عمری میں بچوں کی سپورٹ اب پہلے سے بہت زیادہ ضروری ہوگئی ہے، اس کمپین کا مقصد معاشرے کو اوائل عمری میں بچوں کی تربیت کے ان کی جوانی میں او ر بحیثیت مجموعی پورے معاشرے پر اثرات کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے، یہ طویل المیعاد پراجیکٹ رائل فائونڈیشن سینٹر برائے بچپن نے منگل کو شروع کیا ہے، اس پراجیکٹ کو کیٹ کی زندگی بھر کی محنت قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کو امید ہے کہ اس سے بچوں کی اوائل عمری کے بارے میں لوگوں کی سوچ پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ جس انداز میں ہم نے اپنے بچپن میں اپنے تجربات، تعلقات اور اپنے اردگرد کے ماحول کو دیکھا ہے، اس کے ہماری پوری زندگی پر اثرات پڑتے ہیں، اس سے ہماری صلاحیتوں، تعلقات، ہماری جسمانی اور ذہنی صحت ہر چیز متاثر ہوتی ہے اور اس کے اثرات والدین کی حیثیت سے اپنے بچوں کی تربیت پر بھی پڑتے ہیں، یہ زندگی کے بہت ہی اہم سال ہوتے ہیں۔ اپنے بچوں کی پرورش اور سپورٹ کیلئے ہم اجتماعی طورپر جو وقت، انرجی اور وسائل لگاتے ہیں، اس سے ہم اپنی آئندہ نسلوں کی صحت اور خوشحالی میں بڑی تبدیلی لاسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پورے معاشرے کو اس حوالے سے اپنا کردارادا کرنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ ان مشکل اوقات میں یہ پہلے سے اب بہت زیادہ ضروری ہے کہ ہم بچوں کو شفقت آمیز اورمحفوظ زندگی دینے کیلئے والدین اور دیکھ بھال کرنے والوں کی مدد کریں۔ اس موقع پر 90 منٹ کی ایک فلم بھی جاری کی گئی، جس میں دکھایا گیا ہے نومولود سے 5 سال کی عمر تک ایک لڑکی کی پرورش سے ماحول پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں، اب جمعہ کو اس فلم کی نمائش کی جائے گی۔ اس مہم کو متعدد اہم شخصیات کی سپورٹ حاصل ہے، جس میں پروفیسر گرین، فیرن کاٹن، جیووانی فلیچر، زارا مک ڈرموٹ اور لیہہ ولیم سن شامل ہیں۔ کنسنگٹن پیلس کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ ترقی کیلئے اوائل عمری میں بچوں کی پرورش کیٹ کی اب پوری زندگی میں ان کا محور رہے گی۔ رائل فائونڈیشن کی سربراہ امنڈا بیری کا کہنا ہے کہ ہم اوائل عمری کی اہمیت کے بارے میں آگہی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال ہمارے سروے سے ثابت ہوا کہ 20 فیصد سے بھی کم لوگ بچوں کی ابتدائی 5 سال کی زندگی کی اہمیت سے آگاہ ہیں، اس مہم کے ذریعہ ہم تفصیلی ریسرچ کے نتائج شائع کررہے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صرف 36 فیصد افراد نے بتایا کہ وہ بچوں کی اوائل عمری کی اہمیت کے بارے میں بہت کم کچھ جانتے ہیں یا بالکل ہی نہیں جانتے۔ اس لئے اب ہم اس آگہی میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔ یونیورسٹی کالج لندن کی نیورو سائنس اور فزیوتھراپی کی پروفیسر ایمن مک کروری کا کہنا ہے کہ اس موقع پر والدین اور بچوں کی سپورٹ کی جائے تو اگلے عشروں کے دوران ہماری اگلی نسل پر اس کے مثبت اثرات رونماہوں گے۔