تحریک کشمیر کا یورپ بھر میں پانچ فروری کو ہفتہ یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان

02 فروری ، 2023

برمنگھم (پ ر) تحریک کشمیر یورپ بھر میں5 فروری کو ہفتہ یکجہتی کشمیر منائے گی۔یورپ کے مختلف ممالک میں احتجاجی مظاہرے ،کانفرنسز ، عوامی جلسہ عام اور تقریبات منعقد کی جائیں گی اور یوم یکجہتی کشمیر کے بانی مرحوم قاضی حسین احمد کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا ۔ تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، جنرل سیکرٹری میاں محمد طیب، سینئر نائب صدر محمود شریف، نائب صدر ریاض بٹ اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری فرید الدین لودھی نے کہا کہ کشمیری عوام کی بے تحاشہ قربانیوں کے نتیجے میں مسئلہ کشمیرعالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے، وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ مسئلہ کے پُرامن حل پر توجہ دی جائے حکومت پاکستان جو یکجہتی کا دن سرکاری طور پر مناتی ہے اپنی کشمیر پالیسی پر نظر ثانی اور عوامی جذبات، کشمیریوں کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق کشمیر پالیسی اختیار کرے جب تک پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے دنیا کو سنجیدہ نظر نہیں آئے گا دنیا مداخلت کرنے کیلئے تیار نہیں ہوگی۔دنیا کشمیر کو بھارت اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ مسئلہ قرار دے کر کوئی مثبت کردار ادا کرنے کیلئے تیار نہیں۔ تحریک کشمیر یورپ کے رہنمائوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جس طرح کی سازشیں کر رہا ہے انہیں روکنے کی ضرورت ہے، بھارت کشمیریوں کی نسل کشی اورمسلمانوں کی اکثریت ختم کرنے کیلئے جو حربے اور ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے اس کے خلاف ٹھوس اقدامات نہ کئے گئے تو نتائج انتہائی خطرناک ہوں گے۔