پاکستان ریلویز، تمام کلاسز کے کرایوں میں 8 فیصد اضافہ

02 فروری ، 2023

کراچی‘ ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک‘سٹاف رپورٹر) ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث محکمہ ریلوے نے ٹرینوں کے کرائے میں 8فیصد اضافہ کر دیا،ٹرینوں کے کرائے میں اضافے کا اطلاق فوری ہوگا۔ ترجمان ریلوے کے مطابق ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے یومیہ ایک کروڑ 10 لاکھ روپے کا اضافی بوجھ پڑا ہے جس کے باعث ٹرینوں کے کرائے میں 8 فی صد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ٹرینوں کی تمام کلاسز کے کرائے میں اضافے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا، تاہم کرائے میں اضافے کا اطلاق گرین لائن ٹرین پر نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا تھا کہ ادارے کو پنشنز اور تنخواہوں کی ادائیگی میں رکاوٹ آرہی ہے،محکمہ ریلوے کما کر دے گا تو تنخواہیں ادا ہوں گی، حکومت اپنی جیب سے تنخواہیں نہیں دیتی۔ریلوے ترجمان کے مطابق پاکستان ریلویز اپنے مسافروں کی قدر کرتا ہے اور کسی بھی غیر ضروری اضافے کی کبھی حوصلہ افزائی نہیں کرتا۔ لیکن پرانے کرایہ پر آپریشن سے پاکستان ریلوے پر اگلے پانچ ماہ میں 5.46 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا ۔