توہین الیکشن کمیشن ،عمران، فواد اسد عمر کیخلاف سماعت ملتوی

02 فروری ، 2023

اسلام آ باد(پی پی آئی) پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس میں معاون وکیل نے کہا کہ آئندہ سماعت تک شو کاز نوٹس کا جواب جمع کروا دیں گے جس کے بعد مزید سماعت 14 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔عمران خان، فواد چودھری اور اسدعمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے کی، پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر اور وکیل انور منصور الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ممبر نثار درانی نے کہا کہ آپ شوکاز نوٹس کا جواب جمع کروائیں جس پر وکیل اسد عمر نے کہا کہ میں مصروف تھا، جواب جمع کروانے کے لئے 4دن کا وقت دیا جائے۔معاون وکیل نے کہا کہ اسد عمر، عمران خان اور فواد چودھری کے وکیل فیصل چودھری راستے میں ہیں، آئندہ سماعت پر اعتراضات پر دلائل دوں گا، اس پر ممبر بلوچستان نے کہا کہ آئندہ سماعت پر تو فرد جرم عائد کریں گے۔وکیل اسد عمر نے کہا کہ سپریم کورٹ کہہ چکی ہے کہ پہلے اعتراضات پر فیصلہ کریں، بیرون ملک جا رہا ہوں، واپسی پر دلائل دوں گا۔بعدازاں الیکشن کمیشن نے سماعت 14 فروری تک ملتوی کردی۔