عمران حملہ ،گرفتار ملزم کے علاوہ 2اور حملہ آوروں کے شواہد

02 فروری ، 2023

اسلام آباد (خبر نگار) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر وزیرآباد میں قاتلانہ حملے کی تحقیقات کے دوران گرفتار ملزم نوید اور دوسرے حملہ آور کی تفصیلات کے بعد تیسرے حملہ آور کے کردار کے شواہد بھی سامنے آ گئے ، جے آئی ٹی کی جانب سے تیسرے حملہ آور کے حوالے سے تمام تفصیلات گوجرانوالہ میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں جمع کروا دی گئی ہیں۔ تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے مطابق پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے تجزیہ و نتائج پر مبنی رپورٹ 3 جنوری 2023 کو تیار کی گئی پہلے دو حملہ آور ، ان کے زیر استعمال اسلحے اور گولیوں وغیرہ کی تفصیلات پر مبنی رپورٹ 16 دسمبر 2022 کو تیار کی گئی ، دونوں رپورٹس عدالت میں جمع کروائی جاچکی ہیں۔ پی ٹی آئی کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ رپورٹ پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری کے تجزیاتی نتائج پر مشتمل ہے۔