ہسپتالوں کو پیپر لیس کرنے کیلئے"پیشنٹ مینجمنٹ سسٹم"لائینگے،نگران وزیر اعلیٰ

02 فروری ، 2023

لاہور(نمائندہ خصوصی) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کو پیپر لیس کرنے کےلئے ”پیشنٹ مینجمنٹ سسٹم “کے نفاذ کی تجویز کاجائزہ لیا گیا۔ چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے بریفنگ دی۔ ابتدائی طورپر پنجاب کے 15 بڑے ہسپتالوں میں ”پیشنٹ مینجمنٹ سسٹم “نافذ کیاجائے گا۔ ہسپتالوں کی ایمرجنسی، گائنی، آؤٹ ڈور اور فارمیسی ”پیشنٹ مینجمنٹ سسٹم “ سے منسلک ہوگی۔ مریضوں کا ڈیٹا ہر سرکاری ہسپتال میں میسرہوگا ،نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ”پیشنٹ مینجمنٹ سسٹم “ کے نفاذ کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں میں”پیشنٹ مینجمنٹ سسٹم “ سے مریضوں اور ڈاکٹروں کو سہولت ہوگی ،نگران وزیراعلیٰ نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر تھانہ مکڑوال کے ایس ایچ او اور پوری ٹیم کیلئے نقد انعام کا اعلان کیا ، ڈی پی او میانوالی اور ایس ایچ او تھانہ مکڑوال کو فون کر کے شاباش دی او ر بہادری پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ،نگران وزیراعلیٰ نے صفدر آباد میں خاتون سے زیادتی و تشدد کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ۔